ایتھوپیا کے سفیرجمال عبداللہ کا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ

جمعہ 26 اپریل 2024 18:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) ایتھوپیا کے سفیرجمال عبداللہ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں سے تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ زرعی یونیورسٹی جلد ہی ایتھوپیا کی دو زرعی جامعات کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرے گی جس کے تحت تعلیمی و تحقیقی میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو کر زرعی چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے ساتھ ساتھ سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ایتھوپیا کے سفیر نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد دنیا بھر میں عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے اور اس میں جاری تعلیمی و تحقیقی پروگرام اپنی مثال آپ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی جامعات اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ساتھ معاہدے سے مشترکہ کاوشیں عمل میں لائی جائیں گی۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی تمام براعظم سے تعلق رکھنے والے مختلف ممالک کی جامعات کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کئے ہوئے ہے جس سے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو کر زرعی مسائل کے حل اور زرعی میدان میں جدت کیلئے کوششیں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں چائینز کنفیوشش سنٹر، پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر، مرکز برائے اعلیٰ تعلیم، بین الاقوامی سیڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی جامعات کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی امور میں باہمی تعاون کو فروغ دینا قابل تحسین ہے جو کہ عہدحاضر کے زرعی مسائل پر قابو پانے میں معاون ثابت ہو گا۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لینکجز ڈاکٹر کاشف سلیمی، ڈاکٹر عدنان یونس و دیگر بھی موجود تھے جبکہ ایتھوپیا کے سفیرنے مختلف لیبارٹریوں کا دورہ بھی کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں