وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہمارے محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں،خورشید جیلانی

بدھ 1 مئی 2024 21:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہمارے محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں۔ڈویژنل وضلعی انتظامیہ محنت کشوں کو ترقی کے مساوی مواقع اور حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہے۔محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پرلائلپور میوزیم میں مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹرلائلپور میوزیم خورشید جیلانی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 ظفر اقبال نے کیک کاٹا۔

مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجودتھے۔ڈائریکٹر لائلپورمیوزیم نے کہا کہ محنت کشوں کا عالمی دن ایک ایسا موقع ہے جس پر ہم کام کرنے والے مرد و خواتین کی خدمات کو سراہتے ہیں جو ملک کا ناگزیر ستون ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ دن شکاگو کے محنت کشوں کی یاد تازہ کرتا ہے جنہوں نے جبر،استحصال اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم پاکستانی مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو قومی تعمیر میں اپنا قیمتی حصہ ڈال رہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122نے کہاکہ یہ دن پاکستانی افرادی قوت کے کردار، ان کی لگن اور عزم کی علامت کے طور منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے مزدوروں سے متعلق قوانین کوبہتر کرنے سمیت متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔عالمی یوم مزدور کی تقریب سے دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں