ایف ڈی اے کی سروسز کے معیار میں مزید بہتری لانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، ایڈیشنل ڈی جی ایف ڈی اے

منگل 14 مئی 2024 21:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر جدید اصلاحات کے تحت ایف ڈی اے کی سروسز کے معیار میں مزید بہتری لانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ، اس سلسلے میں اعلیٰ نظم و نسق کو یقینی بناتے ہوئے عوامی بہبود کے اقدامات اور ترقیاتی امور کی کامیابی پر خصوصی توجہ مرکوز ہونی چاہیے تاکہ موجودہ حکومت کے عوامی خدمت کے مشن کی احسن انداز میں تکمیل ہو سکے۔

یہ احکامات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور خاں چدھڑ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران جاری کیے گئے۔ اجلاس میں چیف منسٹر گورننس اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہر ایوب گجر، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسما محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ احمد ابراہیم، پی ایس او شبیر ساجد گجر و دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ شہری ترقی کے حوالے سے ایف ڈی اے کو حکومتی ترجیحات کے مطابق عوامی خدمت کے جدید اسلوب میں ڈھالنے کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر بھر پور انداز میں عملدرآمد میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ،اس مقصد کے لئے تمام تر فنی و انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے تیز رفتار سروس ڈیلیوری کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمانہ اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر ترقیاتی اداروں سے قریبی روابط رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو دانشمندانہ طریقے سے استعمال میں لاتے ہوئے عوامی خدمت اور شہری ترقی کا اعلیٰ ترین معیار قائم کرنا اولین ترجیح ہے لہذا ٹیم ورک میں تعطل یا خلل نہیں آنا چاہیے۔ انہوں انتظامی و ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے مزید محنت اور جذبے سے فرائض انجام دینے کی تاکید کی اور کہا کی شہریوں کے مسائل و شکایات کے بلاتاخیر حل کے چیلنج کو قبول کریں اور ایف ڈی اے کی سروسز کو کمپلینٹ فری بنانے پر پوری توجہ مرکوزہونی چاہیے۔ انہوں نے ون ونڈو کاؤنٹر اور ہیلپ لائن کو عوامی توقعات کے عین مطابق بنانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں