فیصل آباد شہر کی مرکزی شاہرات پر شجر کاری کیلئے اقدامات کا آغاز

جمعرات 16 مئی 2024 18:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) فیصل آباد ضلعی انتظامیہ اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے مرحلہ وار شہر کی مرکزی شاہرات کے سینٹر میڈینز میں دلکش اور جاذب نظر پھولدار پودے لگانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے اس ضمن میں پہلے مرحلے میں جڑانوالہ روڈ،شیخوپورہ روڈاور ملت روڈ پر شجرکاری کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے شجرکاری مہم کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرکے پلانٹیشن شروع کرنے کیلئے گرین سگنل دے دیا۔

ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پی ایچ اے ظہیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید،چیف آفیسر ضلع کونسل فیصل شہزاد،میڈم بازلہ منظور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تینوں اہم شاہرات کے سینٹر میڈینز میں پلانٹیشن فی الفور شروع کی جارہی ہے جبکہ سینٹر میڈینزکے رنگ روغن کے لئے میونسپل کارپوریشن کی سروسز حاصل کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کو سرسبز وشاداب بنانا ترجیح ہے جس کیلئے وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جارہی ہے جس سے شہریوں کو بھی دیدہ زیب ماحول نظر آئے گا۔ انہوں نے پی ایچ اے کے افسران سے کہا کہ وہ شجرکاری کے اہداف تیزی سے مکمل کریں اس ضمن میں معمولی سی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پی ایچ اے نے پلانٹیشن مہم کے تحت وضع کردہ پلان سے آگاہ کیا۔

دریں اثناپارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے شہر کی مختلف شاہرات کی ری ڈیزائننگ اور گرین ایریاز کی ڈویلپمنٹ پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ڈی جی پی ایچ اے عبد القادر شاہ نے بتایا کہ شہر کی خوبصورتی اور ہارٹیکلچر کے فروغ کے لئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے تحت ہلال احمر چوک،ایگریکلچر یونیورسٹی چوک، جی ٹی ایس چوک اور چناب کلب چوک کی اپ گریڈیشن کا کام شروع ہے۔انہوں نے بتایا کہ سمندری روڈ،جھنگ روڈ، گلبرگ روڈ،جڑانوالہ روڈ،ستیانہ روڈ،نڑوالا روڈ،جیل روڈ اور دیگر روڈز کے اطراف گرین ایریاز کی اپ گریڈیشن اور خوبصورتی پر کام کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں