ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، انسداد ڈینگی مہم،روٹی کی مقررہ قیمت و دیگر اقدامات کا جائز ہ لیا گیا

جمعہ 17 مئی 2024 18:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں انسداد ڈینگی مہم،روٹی کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد،ستھرا پنجاب مینجمنٹ،ترقیاتی سکیموں کی انسپکشن،سپیشل برانچ رپورٹ،میرج ایکٹ،پلاسٹک بیگز پر پابندی بارے پلاننگ ودیگر اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی اقدامات کو مزید چوکس کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ لاروا کی افزائش گاہوں کا صفایا یقینی بنائیں۔انہوں نے ڈینگی لاروا ملنے پر مقدمات کے اندراج کا حکم دیا۔انہوں نے روٹی کی قیمت پر عملدرآمد بارے بریفنگ لی اور کہا کہ روٹی کے ساتھ ساتھ پھل وسبزیوں اورکریانہ کی اشیاء کی قیمتوں کو بھی چیک کیا جائے۔

(جاری ہے)

مجموعی پرائس کنٹرول کے لئے زیروٹالرنس پالیسی ہے۔

انہوں نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اے سی جڑانوالہ کو تحصیل میں پرائس کنٹرول کو باقاعدگی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گراں فروشوں کو نکیل ڈالی جائے۔انہوں نے ایف ڈبلیو ایم سی کو ستھرا پنجاب مینجمنٹ پر روزانہ میٹنگ کرنے اور اجلاس کو باقاعدگی سے بریفنگ دینے کی ہدایت کی جبکہ لوکل گورنمنٹ ریکوری کو تیز اور روزانہ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ میرج ایکٹ پر موثر عملدرآمد کرایا جائے۔سپیشل برانچ رپورٹس کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ترقیاتی سکیموں کی انسپکشن کی ہدایت کی اور کہا کہ پلاسٹک بیگز پر 5 جون سے عائد ہونے والی پابندی کا اطلاق ناگزیر ہے،اس ضمن میں کاروباری افراد سے میٹنگ کرکے آگاہی دیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرنے تحصیل صدر کے علاقوں میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر بھٹوں کے چلنے پر تشویش کا اظہارکیا اورمحکمہ ماحولیات کوتمام بھٹہ جات کی انسپکشن اور زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرانے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایوننگ اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کرکے محکموں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے اضلاع کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے اہداف تفویض کیئے ہیں اور اضلاع کی رینکنگ میں فیصل آباد کا نام سرفہرست اور تسلسل برقرار رکھنا ترجیح ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹرز کاشف رضا اعوان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان افضل اعوان،سی او میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،ہیلتھ اتھارٹی،پی ایچ اے،لائیو سٹاک سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں