صدق و سچائی مومن کی پہچان ہے جو انسان ہمیشہ سچ بولتا ہے، مولانا زاہد محمود قاسمی

جمعہ 17 مئی 2024 20:29

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری و چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں گزشتہ روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدق و سچائی مومن کی پہچان ہے جو انسان ہمیشہ سچ بولتا ہے وہ فاتح اور کامیاب رہتا ہے وقتی مشکلات کے باوجود صدق و سچائی انسان کو نجات و عافیت کی منزل پر لے جاتی ہے نبی پاکﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ صدق نجات کا ذریعہ اور جھوٹ باعث ہلاکت ہے جس معاشرے میں جھوٹ کا چلن عام ہو جائے اور سچائی دم توڑ دے اس میں جرائم کی کثرت لازمی ہوجاتی ہے باہمی احترام اور محبت جھوٹ کی آگ میں خاکستر ہو جاتے ہیں اس کے مقابلے میں سچائی جرائم کو کنٹرول کرنے اور امن و امان کے قیام کیلئے بہترین اکسیر ہے کسی کلمہ گو کیلئے جھوٹ بولنا ہر گز جائز نہیں ہے سچ بولنا اور اس پر قائم رہنا شیوئہ ایمانی بھی ہے اور سچے رسول ﷺ کا سچا پیروکار ہونے کا ثبوت بھی ہے آج ہم سب عہد کریں کہ ہمیشہ سچ بولیں گے اس سے قبل ہم سے جو کوتاہیاں ہوئیں اس پر اللہ سے توبہ کریں خود سچ پر قائم رہنے کے ساتھ ساتھ اپنے ماحول اور اہل و عیال وابستگان کو بھی اس کی تعلیم دینا اور اس کی برکات سے آگاہ کرنا اور جھوٹ کی تباہ کاریوں سے متعارف کراکے اس سے اجتناب پر آمادہ و کاربند کرنا ہمارا فرض ہے اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے ان میں سے زبان ایک بہت بڑی نعمت ہے زبان کا صحیح استعمال ذریعہ حصول ثواب ہے اور غلط استعمال وعید عذاب ہے زبان ہی سے آدمی کے عقل و شعور اوراس کی صلاحیتوں کا پتہ چلتا ہے اس نعمت کا استعمال اگر غلط طریقے سے ہو تو یہ نعمت اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا باعث بن جاتی ہے اور زبان کے نشتر سے لوگوں کے دل بھی زخمی ہوتے ہیں سب سے زیادہ غلطیاں انسان زبان سے ہی کرتا ہے عقل مند لوگ اپنی زبان کو سوچ سمجھ کر اور اچھے طریقے سے استعمال کرتے ہیں دین اسلام میں زبان کی حفاظت اور سچ بولنے کو بڑی اہمیت دی گئی ہے اہل ایمان کی گفتگو بہترین اور پرُتاثیر ہوتی ہے اور وہ ہمیشہ فضولیات سے احتراز کرتے ہیں اس حوالے سے معاشرے کے ہر فرد کو فکر کرنے کی ضرورت ہے اللہ تعالیٰ ہم سب کو زبان کی حفاظت کرنے اور سچائی کو فروغ دینے کی توفیق عطا فرمائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں