انڈسٹریل زون کی تعمیر کے لئے پیشرفت کی جانی چاہیے ‘ ہمایوں اختر خان

حکومت کسان کی مالی معاونت کیلئے فی الفور پیکج کا اجراء کرے ‘ سابق وفاقی وزیر این اے 97 کے دورے کے موقع پر عمائدین ، اہل علاقہ ،کسانوں سے گفتگو

اتوار 19 مئی 2024 12:05

فیصل آباد/ماموں کانجن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مقامی آبادی اورقریبی اضلاع کے لوگوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے موٹر وے سے متصل انڈسٹریل زون کی تعمیر نا گزیر ہے جس پر پیشرفت کی جانی چاہیے ،کسان اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے اس لئے حکومت مالی معاونت کیلئے فی الفور خصوصی پیکج کا اجراء کرے تاکہ کسان آئندہ فصل کی تیاری کر سکیں ، ماموں کانجن کو تحصیل بنایا جائے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97 کے دورے کے موقع پر مختلف برادریوں کے عمائدین ، اہل علاقہ اور کسانوں کے وفود سے ملاقاتوںمیں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے ماموں کانجن میں قائم دفتر میں بھی اہل علاقہ سے ملاقاتیں کر کے مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران انتقال کر جانے والوں کے عزیز وا قارب سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھاکہ میری آئندہ کی سیاست اس حلقے اورآپ لوگوں کیلئے ہے ، میں اپنے وعدے پر پہرہ دے رہا ہوں اور ہر ہفتے حلقے کا دورہ اور لوگوں سے ملاقاتیں اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقے کے سارے علاقے پسماندہ ترین ہیں ، ہم ذاتی حیثیت میں جو مسائل حل کر سکتے ہیں ان کے لئے ہوم ورک کر کے اقدامات کر رہے ہیں ، وعدہ ہے حلقے کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، ان کی آواز میں اپنی آواز کو شامل کریں گے تاکہ دہائیوں سے محرومیوں کا شکار یہاں کے لوگوں کے مسائل کے حل کی طرف توجہ مبذول کرائی جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں