چین کے جیانگ شی ووکیشنل ٹیکنیکل کالج آف انڈسٹری اینڈ ٹریڈاورزرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے درمیان معاہدے پر دستخط

پیر 20 مئی 2024 18:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2024ء) چین کے جیانگ شی ووکیشنل ٹیکنیکل کالج آف انڈسٹری اینڈ ٹریڈ،زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور تانگ چائنیز ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی لمیٹڈ کے مابین ماڈرن پاک چائنہ مشترکہ ڈپلومہ اور جوائنٹ ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام کا اجراء کرنے کیلئے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ جس کے تحت طلبہ پہلے دو سال زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور آخری سال جیانگ شی ووکیشنل ٹیکنیکل کالج سے تعلیم حاصل کریں گے۔

معاہدے پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں، پارٹی سیکریٹری اور جیانگ شی ووکیشنل ٹیکنیکل کالج کے صدر وان ژاؤبو اور تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ کے صدر لی جنسونگ نے دستخط کیے۔آن لائن معاہدے کی تقریب میں پاکستانی سفارت خانہ بیجنگ کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے شرکت کی جبکہ لو وینج،پارٹی ممبر برائے ترقیاتی اصلاحات جیانگ شی صوبہ، لیو جیانگ شی صوبہ کمیٹی کے ممبر برائے تعلیم،زرعی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جعفر جسکانی، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر جلال عارف، پرنسپل کمیونٹی کالج ڈاکٹر انجم ضیاء، ڈائریکٹر بیرون تعلقات ڈاکٹر کاشف سلیمی، ڈاکٹر وسیم عباس اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

طلباء پاکستان میں پہلے دو سالوں میں زرعی یونیورسٹی اور آخری سال چین کے ووکیشنل ٹیکنیکل کالج میں تعلیم حاصل کریں گے۔ طلبہ ان تین سالوں میں جدید زرعی علوم، چینی زبان کے جدید کورسز، تکنیکی مضامین، عملی تربیت و دیگر لازمی کورسز سے علم کی تشنگی بجھاتے ہوئے زرعی میدان میں آگے بڑھ کر روشن مستقبل حاصل کر سکیں گے۔معاہدے کے مطابق ادارے سائنسی تحقیق، اساتذہ/طلبہ کے تبادلے، بیرون ملک تعلیم، عملی تربیت، انٹرن شپ اور ملازمت وغیرہ میں تعاون کی فضا کو فروغ دیں گے۔

معاہد ے کے مطابق جیانگ شی ووکیشنل ٹیکنیکل کالج کے تین سالہ گرین سٹوریج،ٹرانسپورٹیشن اورکوالٹی سیفٹی پروگرام کو معیار بناتے ہوئے زرعی یونیورسٹی میں تین سالہ مشترکہ ڈپلومہ پروگرام برائے گرین سٹوریج، ٹرانسپورٹیشن اور کوالٹی سیفٹی ٹیکنالوجی تیار کیا جائے گا تاکہ چین کے تجربات سے مستفید ہوکر بہترین افرادی قوت کی تیاری کے ساتھ ساتھ دونوں جامعات کے تعلقات کو بھی پروان چڑھایا جاسکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں