گلگت بلتستان بھر میں صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:47

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کے احکامات کی روشنی میں گلگت بلتستان بھر میں صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہفتہ وار صفائی مہم کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کر دئیے ہیں۔ان احکامات کی روشنی میں تمام ضلعوں کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلعوں میں ویسٹ منیجمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سے صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

اس تسلسل میں ڈپٹی کمشنر گلگت امیر اعظم حمزہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گلگت عارف حسین کے ہمراہ جی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران نے جاری صفائی مہم کا جائزہ لیا اور چوک، چوراہوں اور شہر کی مصروف ترین شاہراہوں کی تزئین و آرائش کے معائنہ کے دوران کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ بھل صفائی مہم کے سلسلے میں چیف آفیسر بلدیہ نے کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جی ڈی اے نے اپنے ادارے کی جانب سے شروع کئے گئے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ آج گاؤں عیشی میں بازار اور گاؤں کی مختلف گلیوں کی صفائی کی گئی جس میں ڈسٹرکٹ ویسٹ منیجمنٹ آفیسر عمران علی و علمہ گورنمنٹ مڈل سکول عیشی کے اساتذہ اور طلبہ شریک ہوئے۔ضلعی انتظامیہ استور نے بھی استور شہر میں صفائی مہم کا آغاز کیا ہے۔ علاوہ ازیں گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع ہنزہ، سکردو، گھانچے میں بھی صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ مہم کے دوران ڈپٹی کمشنرز کا کہنا تھا کہ روزمرہ صفائی کے کام کے علاوہ خصوصی مہم کا انعقاد کرکے شہر کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا اور سیاحتی مقامات کی صفائی کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں