یونیورسٹی آف ہری پور میں ”کام کی جگہ پر جذباتی نظم و نسق“ سے متعلق ٹریننگ سیشن کا انعقاد

منگل 14 نومبر 2023 12:23

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2023ء) یونیورسٹی آف ہری پور میں ”کام کی جگہ پر جذباتی نظم و نسق“ سے متعلق ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس کا اہتمام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے کیاتھا ۔ رجسٹرار محمد ریاض، ڈینز، چیئر پرسنز، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور فیکلٹی ممبران اس ٹریننگ کا حصہ رہے۔ چیئر پرسن سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد رضوان نے ٹریننگ سیشن کی سربراہی کی اور کام کی جگہ پر اپنے جذبات کو سمجھنے کے حوالہ سے سیر حاصل بحث کی۔

انہوں نے پریشانی، تنائو، جذبات، منفی خیالات، غصہ، بے چینی اور زندگی کے بہت سے چیلنجز کے حوالہ سے رہنمائی فراہم کی، اس کے علاوہ ٹریننگ سیشن میں صحت کے مسائل، مستقبل کے خدشات، دوسروں سے توقعات، رجائیت اور سماجی تعاون کے پہلوئوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد رضوان نے کام اور زندگی کے درمیان توازن قائم کرنے کے حوالہ سے رہنمائی فراہم کی اور یہ بات واضح کی کہ کام اور زندگی کا توازن مجموعی بہبود کیلئے ضروری ہے، اپنے کام کے اوقات اور ذاتی وقت کی حدود پر قائم رہیں،خاندان، کام، آرام اور ذاتی مفادات کیلئے وقت مختص کریں اور اپنے دن کی موثر طریقہ سے منصوبہ بندی کریں، وقتاً فوقتاً اپنے کام اور زندگی کے توازن کا جائزہ لیں اور ضرورت کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کریں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے کہا کہ یہ ٹریننگ سیشن کروانا ان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے، یہ قدم ہمارے ادارہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے جو ہمار ی اجتماعی کامیابی کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لیڈر جو اپنے جذبات کو موثر طریقہ سے منظم کر سکتے ہیں، طلبہ کیلئے ایک مستحکم اور معاون ماحول فراہم کرتے ہیں، یہ استحکام طلبہ کو محفوظ محسوس کرنے اور اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد کرتا ہے، لیڈر طلبہ کیلئے ایک مثال قائم کرتے ہیں، جب رہنما جذباتی ذہانت اور نظم و نسق کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ طلبہ کو اپنے جذبات سے نمٹنے کیلئے زندگی کی قیمتی مہارتیں سکھاتے ہیں، طلبہ کے ساتھ موثر تعلقات استوار کرنا موثر قیادت کی بنیاد ہے، جذباتی نظم و نسق مضبوط بھروسہ مند تعلقات میں حصہ ڈالتا ہے جو سیکھنے اور ترقی کیلئے ضروری ہےٹریننگ سیشن کے اختتام پر کشیدگی اور تنائوکو ختم کرنے کیلئے ڈاکٹر محمد رضوان نے تمام معزز ممبران سے ایک ایکٹیوٹی کروائی ۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں