زرعی یونیورسٹی سندھ اور سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام کے درمیان معاہدے پر دستخط

بدھ 22 نومبر 2023 22:32

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2023ء) زرعی یونیورسٹی سندھ اور سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام کے درمیان تھرپارکر میں پانی ، زمین اور ماحولیات سے متعلق مسائل پر مشترکہ تحقیق کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئےہیں۔ یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں مفاہمت کی یادداشت پر سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری اور سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نور محمد نے دستخط کیے ۔

وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد ضلع تھرپارکر کے مختلف مسائل کو حل کرنا ہے، دونوں اطراف کے ماہرین پانی کی کمی،زمین کا انحطاط، موسمیاتی تبدیلی اور متعلقہ موضوعات سے متعلق مسائل کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اسٹیک ہولڈرز، ماہرین اور کمیونٹی ممبران کو علم اور بہترین طریقوں کو منتقل کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ د ونوں اداروں نے ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون اور مشاورت سے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے یونیورسٹی کو تھرپاکر میں کانفرنس کے لیے علمی اور تکنیکی مدد میں خدمات فراہم کی جائیں گی۔تقریب کے دوران وائس چانسلر کے مشیر ڈاکٹر ضیا الحسن شاہ، یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اسماعیل کنبھر اور اورک کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تنویر فاطمہ بھی موجود تھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں