ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر تین روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا

پیر 10 دسمبر 2018 23:13

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے شاہ لطیف بھٹائی اسپتال لطیف آباد میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر 10دسمبر سے 13دسمبر 2018تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنر طاہر میمن ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی محمد ببر ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نسرین میمن اور انسداد پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر مسعود جعفری سمیت ڈبلیو ایچ او ، یونیسیف اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر انسداد پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر مسعود جعفری نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم 10دسمبر سے 13دسمبر تک جاری رہے گی۔ اس مہم میں حیدرآباد کے چاروں تعلقوں میں پانچ سال تک کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیںگے جبکہ 336695 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگیٹ مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ انسداد پولیو میں 54یونین کونسلز کیلئے 992موبائل ٹیمیں ،117فکسڈ پوائنٹس ، 23ٹرانزٹ پوائنٹس اور 67ہیلتھ فیسیلٹیز سینٹرز شامل ہیں اورانسداد پولیو مہم میں 1048لیڈی ہیلتھ ورکرز ، 77ڈاکٹرز اور 11سپروائیز ڈاکٹرز حصہ لیں گے قبل ازیں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی سربراہی میں انسداد پولیو مہم سے متعلق ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے پولیو کی بیماری کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر شرکاء کی جانب سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے پولیو کے خلاف نعرے لگائے گئے اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پولیو کو مٹانا ہے جس کیلئے ہر حد تک جانا ہے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں