جامعہ سندھ جامشورومیں انجنیئرنگ اسکالرز کی جانب سے تحقیقی پراجیکٹس و پوسٹرز کی نمائش

جمعہ 26 اپریل 2024 21:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) جامعہ سندھ جامشورو کی فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایم فل و پی ایچ ڈی اسکالرز کی جانب سے نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس میں 25 سے زائد تحقیقی پراجیکٹس و پوسٹرز رکھے گئے۔ فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے منعقد کردہ اس نمائش کا مقصد ایم فل انفارمیشن ٹیکنالوجی و ڈیٹا سائنس اور پی ایچ ڈی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اسکالرز کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا، جس میں تعلیمی سال 2023ء کے تحت زیر تعلیم اسکالرز نے اپنے تحقیقی پوسٹرز نمائش کیلئے پیش کیے۔

نمائش میں رکھے گئے تحقیقی منصوبوں کے ذریعے جامعہ سندھ کے اسکالرز نے مقامی سطح پر صنعتوں کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی پیش کی۔ انجنیئرنگ اسکالرز کی جانب سے تیار کردہ 25 سے زائد تحقیقی پراجیکٹس و پوسٹرز نمائش میں رکھے گئے، جو کہ مقامی صنعتوں کے مسائل کیلئے انجنیئرنگ کے میدان میں جدید و آسان حل پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مہران یونیورسٹی کے شعبہ ٹیلی کمیونیکیشن کے ڈاکٹر بدر منیر، اسی یونیورسٹی کے سافٹ ویئر انجنیئرنگ کے ڈاکٹر محسن میمن، جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس کے اساتذہ ڈاکٹر یاسر عرفات و ڈاکٹر گلشیر لغاری نے پراجیکٹس و پوسٹرز کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر لچھمن داس دھومیجا نے ملک میں ٹیکنیکل تعلیم کو فروغ دلانے کی ضرورت پر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم فل و پی ایچ ڈی اسکالرز نے نمائش اپنی تحقیقی صلاحیتوں، ٹیکنالوجیز کے استعمال میں مہارت اور پوسٹر پراجیکٹس کی ایسی نمائش پیش کی کہ دل خوش ہو گیا۔ ان پوسٹرز کے ذریعے صنعتی حل و سماجی مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اے ایچ ایس بخاری پوسٹ گریجویٹ سینٹر آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شہزاد احمد میمن و دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔ تقریب میں پراجیکٹس و پوسٹرز نمائش کے کامیاب اسکالرز کو یادگار شیلڈز و اسناد سے بھی نوازا گیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں