جامعہ سندھ جامشورو میں اگلی کلاسز میں داخل طلبہ و طالبات کیلئے داخلہ فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 مئی مقرر

بدھ 15 مئی 2024 23:34

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) جامعہ سندھ جامشورو کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کیلئے اپنی اگلی کلاسز کی داخلہ فیس جمع کرانے کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے 16 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو کے مطابق سال دوم، سوم، چہارم و پنجم کے طلبہ و طالبات نے پورا سیمسٹر گزارنے کے باوجود ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز کی جانب سے بار بار یاددہانی کے سرکولر جاری کرنے کے باوجودداخلہ فیس جمع نہیں کرائی،16 مئی تک داخلہ فیس و امتحانی فارم جمع نہ کرانے والے طلباء کے ای پورٹ بند کیے جائیں گے، جس کی وجہ سے انہیں امتحانی سلپیں/ ایڈمٹ کارڈ نہیں مل سکیں گے، نتیجتاً وہ 20 مئی سے منعقد ہونے والے سیمسٹر امتحانات میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ناظم سیمسٹر امتحانات محمد معشوق صدیقی نے مطلع کیا ہے کہ طلباء ایک ہزار روپے لیٹ فی کے ساتھ 16 مئی تک اپنی داخلہ فیس ہر حال میں جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلہ فیس کے بغیر طلباء سے امتحان نہیں لیا جا سکتا، اس لیے جامعہ سندھ کے طلباء بھی فیس جمع کرائیں اور امتحانات میں حصہ لینے کیلئے اپنی اہلیت ثابت کریں۔

انہوں نے کہا کہ 16 مئی تک داخلہ فیس جمع نہ کرانے والے سال دوم، سوم، چہارم و پنجم کے طلبہ و طالبات کیلئے یہ سمجھا جائے گا کہ وہ مزید تعلیم کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں، جس کی وجہ سے ان کے نام داخلوں کے فہرست سے خارج کرکے صرف اہل طلبہ و طالبات کی فہارست متعلقہ تعلیمی شعبوں کو ارسال کی جائیں گی تاکہ ان سے امتحان لیا جاسکے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ 16 مئی تک داخلہ فیس جمع کرانے والے طلباء مطلوبہ کاغذات کے ساتھ امتحانی فارم پُر کرکے ان کے آفس میں جمع کرائیں، بصورت دیگر انہیں امتحانات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں