ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس حیدرآبادنے ٹیکس معاملات کے سلسلے میں فیصل آباد کے انکم ٹیکس کے وکیل کو گرفتار کرلیا،جس پر تشدد کی وڈیو وائرل

جمعہ 17 مئی 2024 22:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس حیدرآباد کے افسران نے ٹیکس معاملات کے سلسلے میں فیصل آباد کے انکم ٹیکس کے وکیل عمران حسین کمبوہ کو گرفتار کیا ہے جس پر تشدد کی لیک وڈیو وائرل ہو گئی ہے، اسے سنٹرل لینڈ کسٹم کے دفاتر کے لاک اپ میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلامیہ پارک فیصل آباد کے رہنے والے انکم ٹیکس کے وکیل عمران حسین کمبوہ کو حیدرآباد کے ریجنل انکم ٹیکس افسران ٹیکس کے معاملات کے سلسلے میں گرفتار کر کے لائے ہیں، ذرائع کے مطابق عمران حسین آڈیٹر عطااللہ نوناری، اختر حسین باچکانی اور دیگر افسران کی تحویل میں ہے، ایک مختصر وڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ ملزم کے دونوں ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈال کر اور ہاتھ رسیوں سے باندھ کر اس پر وقفے وقفے سے رات کو تشدد کیا جاتا رہا، عمران حسین دو روز سے حیدرآباد میں ان افسران کی تحویل میں ہے اور تشدد کے بعد اسے سینٹرل لینڈ کسٹم کے سائیٹ میں واقع دفاتر کے لاک اپ میں باندھ کر رکھا جا رہا ہے، پتہ چلا ہے کہ عمران حسین پہلے ایف بی آر کا ملازم تھا تاہم 2014 میں اسے ملازمت سے نکال دیا گیا تھا اور اب وہ مبینہ طور پر انکم ٹیکس کے وکیل کی حیثیت سے کام کر رہا ہے، عمران حسین پر کیس کی تفصیلات کا علم نہیں ہو سکا تاہم اس کو فیصل آباد سے گرفتار کر کے اسپیشل کسٹم کورٹ کراچی سے اس کا ریمانڈ لیا گیا تھا، اس دوران اسے حیدرآباد لا کر افسران نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، اس سلسلے میں ریجنل انکم ٹیکس آفس کے ایک اعلی افسر سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے ریجنل افس کے حکام کی طرف سے عمران حسین نامی کسی ملزم کی گرفتاری اور اس پر کیس سے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں معلومات لیں گے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں