سندھ زرعی یونیورسٹی میں شہد کی مکھیوں کے پالنے کے حوالے سے تربیتی پروگرام کا انعقاد

بدھ 6 مارچ 2024 23:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2024ء) سندھ زرعی یونیورسٹی میں شہد کی مکھیوں کے پالنے کے حوالے سے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، مختلف جامعات کی طلبہ و طالبات شریک، تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی کی کراپ پروٹیکشن فیکلٹی کے اینٹومولوجی شعبہ کے زیراہتمام شہد کی مکھیوں کی پرورش، زندگی اور شہد کی پیداوار کے حوالے سے طلباء کے لیے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں سندھ زرعی یونیورسٹی، سندھ یونیورسٹی جامشورو اور جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کے 110 طلباو طالبات نے حصہ لیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر اعجاز علی کھوھارو نے کہا کہ ٹیکنالوجی دنیا میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے، جس سے ہمارے نوجوانوں کو بھی فائدہ اٹھانا چاہیے، جبکہ طلباء کو اپنی تدریس کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتوں کو بھی نکھارنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہد کی مکھیاں پالنے اور شہد کی پیداوار سے نہ صرف شہد کی طلب کو پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ روزگار کے ذرائع کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے، پھر اپنے علاقوں کے نوجوانوں کو تربیت دیں جس سے روزگار کے ذرائع بہتر ہوں گے، اس موقع پر ڈاکٹر عمران کھتری نے تربیتی پروگرام کے بارے میں بتایا جبکہ طلباء نے شہد کی مکھیوں اور تتلیوں کے بارے میں ٹیبلو پیش کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر تنویر فاطمہ میانو، ڈاکٹر جام غلام مرتضیٰ سہتو، ڈاکٹر بھائی خان سولنگی اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور آخر میں ڈاکٹر اعجاز کھوھارو، ڈاکٹر عمران کھتری نے پروگرام کے فوکل پرسن کو شیلڈ دی۔ بہترین کارکردگی پر آغا مشتاق احمد اور طلباء کو سرٹیفکیٹ دیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں