وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی ای ڈی ایف پراجیکٹس کا جامع جائزہ لینے کی ہدایت

منگل 14 مئی 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے حالیہ برسوں میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) کی جانب سے فنڈز فراہم کیے گئے منصوبوں کا مکمل جائزہ لینے کی ہدایت کر دی ۔منگل کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے حالیہ برسوں میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) کی جانب سے فنڈز فراہم کیے گئے منصوبوں کا مکمل جائزہ لینے کی ہدایت کر دی ہے ۔

وزارت تجارت نے ای ڈی ایف کی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں میں شامل مختلف اسٹیک ہولڈرز کو خطوط کے ذریعے اس ہدایت سے مطلع کیا ہے ۔ ان خطوط میں تفصیلی پراگریس رپورٹس اور اپ ڈیٹس مانگی گئی ہیں۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ای ڈی ایف کے منصوبہ جات کا جائزہ لینے سے اس شعبے میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ برآمدی ترقی کو تقویت ملے گی ۔

(جاری ہے)

وزیر تجارت نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کے بارے میں جامع معلومات تین ہفتوں کے اندر جمع کرائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ان ہدایت کا مقصد ای ڈی ایف میں احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ وزارت تجارت پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے اور مستقبل میں فنڈنگ ​​کے فیصلوں کی رہنمائی کے لیے ان کا تعین کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی معاونت سے چلنے والے نمایاں منصوبوں میں چائلڈ لیبر کا خاتمہ، سیالکوٹ ساکر بال انڈسٹری، سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اٹلی- پاکستان ٹیکنالوجیکل سینٹر، سیالکوٹ میں کھیلوں کے سامان کی تربیت اور سہولت سینٹر میں ہائی اسکین ای رے انسپکشن سسٹم، کٹلری انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان ، ریڈی گارمنٹس اور نٹ ویئر انڈسٹری میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرام اور دیگر شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں