وزراء کی غیر موجودگی پر حکومت کو سینیٹ سے دو مرتبہ معذرت کرنا پڑی

پہلی مرتبہ قائد ایوان شبلی فراز ، دوسری مرتبہ وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کی

بدھ 19 ستمبر 2018 16:19

وزراء کی غیر موجودگی پر حکومت کو سینیٹ سے دو مرتبہ معذرت کرنا پڑی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) حکومت نے وزراء کی سینیٹ میں غیر حاضری پر دو مرتبہ ایوان سے معذرت کی۔بدھ کو سینیٹ اجلاس میں وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن نے شدید تنقید کرتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، اپوزیشن سینیٹرز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ن لیگ کی حکومت پر سینیٹ کو اہمیت نہ دینے کا طعنہ دیتی تھی، آج انہی کے وزراء ایوان سے غائب ہیں، اجلاس میں سینیٹر کلثوم پروین کی توجہ دلائو نوٹس کو بار بار وزیروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے موخر کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

کافی دیر بعد پریذائیڈنگ افسر سینیٹر ستارہ ایاز نے وزیروں کو بلانے کی ایوان میں حاضر ہونے کا حکم دیا۔ستارہ ایاز نے کہا کہ حکومت کا اپنا بزنس ہے اور سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ ایک بھی وزیر ایوان میں موجود نہیں۔قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے ایوان سے مخاطب ہو کر کہا ہے وزیروں کی ایوان میں دیر سے آنے یا نہیں آنے پرایوان سے معذرت خواہ ہوں، اس ایوان کی اہمیت کو ہم بھی سمجھتے ہیں۔کافی دیر بعد وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان ایوان میں پہنچے اور انہوں نے دیر سے ایوان میں پہنچنے پر ایوان سے معذرت کرلیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں