ہلالِ احمر کے زیر ِ اہتمام 500 مستحق گھرانوں میں راشن پیک کی تقسیم

ضرورت کے وقت ترُکی اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، احسان مصطفی یردا کل

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 23 اپریل 2021 14:18

ہلالِ احمر کے زیر ِ اہتمام 500 مستحق گھرانوں میں راشن پیک کی تقسیم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2021ء،نمائندہ خصوصی،عمر جنجوعہ)   ہلال ِاحمر پاکستان کے نیشنل ہیڈ کوارٹرز میں 500 مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا، یہ تقسم ترُکش ریڈکریسنٹ کے تعاون سے ملک بھر کے 13 اضلاع میں 5 ہزار گھرانوں میں راشن بانٹنے کے پروگرام کا حصہ تھی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت ِ کلام پاک سے کیا گیا، اِس موقع پر ترُکی کے سفیر جناب احسان مصطفی یردا کل، چیئرمین ہلالِ احمر جناب ابرار الحق، قائمقام سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز، ترُکش ریڈکریسنٹ کے ہیڈ ابراھیم کارلوس، ہلالِ احمر اور ترُکش ریڈکریسنٹ کے افسران و رضاکاران بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابرار الحق نے کہا کہ ہلالِ احمر بلا امتیاز ملک بھر میں دُکھی انساینت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال یا سانحہ کے درمیان ہلالِ احمر کے تربیت یافتہ رضاکار اور افسران پہلے پہنچتے ہیں، مصیبت میں گھرے لوگوں کی مدد کرتے ہیں، اور آخر وقت تک وہاں رہتے ہیں، آخری شخص کی مدد، بحالی تک ہلالِ احمر موجود رہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر سال ترُکش ریڈ کریسنٹ اور ہلال ِاحمر مل کر مستحق گھرانوں میں راشن کی تقسیم کو یقینی بناتی ہیں۔ ترُکش ریڈ کریسنٹ نے انسانی خدمت اور ترقی کے منصوبوں میں ہمیشہ بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے اِس اَمر کا اظہار کیا کہ دونوں ادارے آنے والے دِنوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے کر کمزور طبقات کی بہتر مدد کر سکتے ہیں۔ ترُکی کے سفیر احسان مصطفی یردا کل نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ وقت میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ہم کوویڈ 19- کے چیلنج سے بھی نبرد آزما ہیں، ہماری ضروریات اور ذرائع معاش بھی عدم تحفظ کا شکار ہیں، اِس کڑے وقت میں پاکستان کے مستحق لوگوں کی مدد خوشی کی بات ہے۔

اگرچہ راشن پیکیج اتنا زیادہ نہیں مگر قریبی دوستانہ تعلقات، بھائی چارے اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین پیار کا اظہار ہے۔ ترُک سفیر نے ہلالِ احمر کی خدمات کو سراہا اور رمضان المبارک میں راشن پیکیج کی تقسیم کی پرُوقار تقریب کی تعریف کی۔ تقریب کے اختتام پر ترُک سفیر کو ہلال ِاحمر کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ احسان مصطفی یرُدا کُل، ابرار الحق، ڈاکٹر عدیل نواز اور ابراہیم کارلوس نے مستحق افراد میں راشن پیکیج تقسیم کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں