وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی ملاقات

جمعرات 11 اگست 2022 22:35

وفاقی وزیر  خزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) وفاقی وزیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے جمعرات کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے یورپی یونین کی سفیر کا خیرمقدم کیا اور یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور ترقیاتی تعاون پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعاون بشمول تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے یورپی یونین کی سفیر کو حالیہ معاشی پیش رفت اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ محصولات کی وصولی میں اضافہ، برآمدات میں اضافہ، ترسیلات زر میں اضافہ اور توانائی کے شعبے کو پائیدار بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

دونوں فریقین نے جی ایس پی پلس پر پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر رینا کیونکا نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان متنوع شعبوں میں باہمی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور موجودہ حکومت کے جاری معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو سراہا۔ سفیر نے جی ایس پی پلس کے لیے پیش رفت کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی حمایت کی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے تعاون پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں وزارت خزانہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں