علم ہی اقتصادی ترقی کا دروازہ ہے،ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی

جمعرات 23 جنوری 2020 17:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا ہے کہ علم ہی اقتصادی ترقی کا دروازہ ہے ، اس وقت تمام تر نگاہیں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ پر مرکوز ہیں جو نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ عالمی یوم تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ فی زمانہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شعبہ تعلیم اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ خرچ کیا جائے کیونکہ مستقبل میں ترقی کی منازل کو طے کرنے کا یہی وژن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلی معیاری تعلیم پر صرف کیا گیا سرمایہ ہمیں مستقبل میں کامیابی کی راہوں سے آشکار کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم برداشت اور صبر والی قوم ہیں، دنیا جان لے کہ ہمارا پیغام محبت، ہم آہنگی، بقائے باہمی ہے اور بھائی چارے کی تبلیغ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے 56 ملین جوان ہی وہ قوت ہیں جو مسائلِ کا حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ شارٹ کٹ کی بجاے نوجوانان عصری تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کر کے ملک میں استحکام اور ترقی کی راہ کو ہموار کریں۔ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے معاشرے میں امن کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اسلامی یونیورسٹی ابتداء سے ہی نوجوانوں کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلام کے پیغام امن سے بھی متعارف کراتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی یونیورسٹی بین الثقافتی ماحول کا بہترین نمونہ ہے جہاں کئی ایک ممالک کے طلباء و طالبات تفرقہ بازی سے پاک ماحول میں اعلیٰ معیاری تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں