اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبر قومی اسمبلی زین قریشی کے کیسز کی تفصیلات فراہمی کیس میں دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 19 اپریل 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبر قومی اسمبلی زین قریشی کی کیسوں کی تفصیلات فراہمی کیس میں سیکرٹری داخلہ سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی۔جمعہ کے روز شاہ محمود قریشی کے بیٹے ایم این اے زین قریشی کی کیسوں کی تفصیلات فراہمی کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی دوران سماعت چیف کمشنر اسلام آباد ،آئی جی اسلام آباد ، چاروں صوبوں کے آئی جیز اور ایف آئی اے سے بھی رپورٹ طلب کر لی گئی۔

عدالت نے زین قریشی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کی درخواست پر اعتراض ہے کہ دوسرے صوبوں سے یہ ہائیکورٹ کیسے رپورٹ مانگ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے ہم یہاں سے باقی صوبوں کو ہدایات کیسے دیں۔ وکیل علی بخاری نے عدالت میں دلائل دیئے کہ اسی ہائیکورٹ سے عمر ایوب کیس میں سارے صوبوں سے رپورٹ منگوائی گئی تھی۔

عدالت نے استفسار کیا عمر ایوب کیس کی کس بینچ نے سماعت کی تھی ۔ وکیل نے کہا کہ عمر ایوب کیس میں چیف جسٹس نے سماعت کی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے آپ اس آرڈر کی کاپی جمع کروادیں ، ہم نوٹس کر رہے ہیں ،تفصیلات مانگ لیتے ہیں، آپ کے علم میں ہے دوسرے صوبوں میں کوئی مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے زین قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں