توانائی سے متعلق صنعتی شعبہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کا توانائی سے متعلق صنعتی شعبے کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب

بدھ 15 مئی 2024 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ توانائی سے متعلق صنعتی شعبہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں فنانس ڈویژن میں توانائی سے متعلق صنعتی شعبے کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین،ایس آئی ایف سی کے قومی کوآرڈینیٹر میجر جنرل تبسم حبیب، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، چیئرمین اپٹما آصف انعام اور دیگر ممتاز صنعتکار اور متعلقہ وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کا بنیادی ایجنڈا بزنس کمیونٹی کو متاثر کرنے والے پاور سیکٹر کے مسائل کے حل کے لیے تبادلہ خیال اور ان کاحل وضع کرنا تھا۔ چیئرمین نشاط چونیاں گروپ شہزاد سلیم نے توانائی کی قیمتوں کے تعین پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے چیلنجز اور مجوزہ اقدامات کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔ وزیر خزانہ نے صنعتی برادری کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو توجہ سے سنا اور یقین دلایا کہ حکومت تاجر برادری کو ہر قسم کے تعاون کی فراہمی میں پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ وزیر خزانہ نے رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک کو مسائل کے جلد حل کے لیے وزارتوں کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسن بھی نامزد کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں