پیاس کے طلباءعالمی مقابلہ کیلئے روبوٹکس ، مصنوعی ذہانت سمیت مختلف ٹیکنالوجیز اور پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نسیم عرفان کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

جمعرات 16 مئی 2024 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نسیم عرفان نے کہا ہے کہ پیاس کے طلباءعالمی سطح پر مقابلہ کے لئے روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت پر خصوصی توجہ کے ساتھ ساتھ مختلف ٹیکنالوجیز اور پراجیکٹس تیار کرنے پر کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز میں منعقدہ اوپن ہائوس میں ”اے پی پی“سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کے اوپن ہائوس میں پیاس کے طلباءکو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے کیرئیر فیئر کا انعقادکیا گیا تاکہ کمپنیوں کی جانب سے براہ راست ان کی خدمات حاصل کی جائیں۔ پروفیسر ڈاکٹر نسیم عرفان نے کہا کہ کیرئیر فیئر کا اہتمام نہ صرف پاس آئوٹ ہونے والے طلباءکو ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے ملازمت کے مواقع فراہم کرنے بلکہ ابتدائی سالوں کے طلباءکو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوپن ہائوس کا اہتمام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کی سالانہ خصوصیت ہے تاکہ طلباءکو سال بھر کی کوششوں سے تیار کئے گئے نئے پراجیکٹس کی نمائش کرکےحوصلہ افزائی کی جائے جو مقامی ضروریات کو پورا کرسکیں اور ملک کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کے طلباءعالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے لئے روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت پر خصوصی توجہ کے ساتھ مختلف ٹیکنالوجیز اور پروجیکٹس تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پیاس سائنس اور ٹیکنالوجی میں ملک کی صف اول کی یونیورسٹی ہے اور اس کا شمار دنیا کی 400 بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے، 2019 کے بعد سے بین الاقوامی رینکنگ میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز ملک کی سرفہرست اعلیٰ یونیورسٹیوں میں مسلسل اعلیٰ مقام حاصل کر رہی ہے۔ گزشتہ روز پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیراہتمام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے طلباءنے اپنے کیمپس میں اوپن ہائوس میں اپنے تخلیقی منصوبوں کی نمائش کی جو پیاس کے فارغ التحصیل طلباء کی تعلیمی کاوشوں کی عکاس تھی۔

اس سال کے اوپن ہائوس میں ایک کیرئیر فیئر بھی شامل تھا جس میں یونیورسٹی کے ہونہار طلباءکو بھرتی کرنے کے لئے مختلف کمپنیوں نے حصہ لیا۔ ان کمپنیوں نے موقع پر انٹرویوز کیے اور تکنیکی طور ان کی خدمات حاصل کرنے کے لئے طالب علموں کے بائیو ڈیٹا کا جائزہ لیا، دن بھر کی سرگرمی میں دو درجن سے زائد پروجیکٹس کی نمائش کی گئی۔ تقریب نے طلباءکو اپنی مصنوعات کی نمائش اور پیشہ ور افراد اور ممکنہ آجروں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع فراہم کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں