افضل بٹ کی زیرصدارت نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی ایگزیکٹو و گورننگ باڈی کاخصوصی اجلاس، این پی سی اور کیمپ آفس راولپنڈی میں سولر سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ

جمعرات 16 مئی 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) نیشنل پریس کلب (این پی سی) اسلام آباد کی ایگزیکٹو و گورننگ باڈی کاخصوصی اجلاس پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا جنھوں نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی ۔ آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک ، جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری اور سابق صدر نیشنل پریس کلب طارق چوہدری بھی ان کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ صدر این پی سی اظہر جتوئی ، قائم مقام سیکرٹری سیدعون شیرازی، سیکرٹری فنانس وقار عباسی کے علاوہ نائب صدور سید ظفر ہاشمی ، شاہ محمد ، سحر اسلم ، جوائنٹ سیکرٹری سحرش قریشی اور ممبران گورننگ باڈی اظہارالحق خان نیازی ، لئیق شوکت ، جعفر بلتی ، عاصم جیلانی ، عامر رفیق بٹ ، روبینہ شاہین،نوابزادہ خورشید،مشکورعلی،احمد منصور ، سید خالد گردیزی ،ماجد افسر، رضوان عباسی ،ہارون کمال راجہ اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ترجمان این پی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پریس کلب اظہر جتوئی نے اجلاس کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور کیمپ آفس راولپنڈی میں سولر سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کی جانب سے سسٹم نصب کرنے والی کمپنی کے نمائندے سے کئی سوالات کئےگئے اور سسٹم کی کارکردگی اور پائیداری کے حوالے سے یقین دہانی حاصل کی گئی ۔

کمپنی کی جانب سے مستقبل میں بھی سسٹم کی کامیابی کے لیے ہر طرح کے تعاون کی یقین دلایا گیا جس پر شرکا ءنے اطمینان  کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کیفے ٹیریا کے معیار کو بہتر بنانے اور ممبران کو معیاری اور ذائقہ دار کھانے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اندرونی کیفے ٹیریا کی آئوٹ سورسنگ کے علاوہ بیرونی کیفے ٹیریا کو آپریشنل کرنے اور اس کو بھی آئوٹ سورس کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں ایک کمیٹی کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیاجو کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کا فیصلہ کرے گی تاہم اس کی حتمی منظوری این پی سی کی ایگزیکٹوباڈی کی جانب سے دی جائے گی۔اجلاس میں آئوٹ سورسنگ کو اخبارات میں اشتہار کے ذریعے مشتہر کرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں این پی سی کے واش رومز کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی موثر نظام اپنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ اس حوالے سے ممبران کی شکایات کا ازالہ ہو سکے ۔

شرکاء نے اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کرنے پر افضل بٹ  کاشکریہ ادا کیا اور ان کو رمضان المبارک میں عمرہ کی ادائیگی پر مبارک باد دی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افضل بٹ نے رمضان المبارک میں رمضان فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر این پی سی کی باڈی کو مبارکباد دی ۔ افضل بٹ نے میڈیا ٹائون فیز-ٹو کے حوالے سے دو ٹوک اندا ز میں کہا کہ اس منصوبےکا معاہدہ اسی وقت ہو گا جب یہ یقین ہو جائے گا کہ اس کے ذریعے پریس کلب کے ہر ممبر کوچھت میسر آ سکے گی ۔

انھوں نے کہا کہ فیز -ٹو منصوبے پر کام جاری ہے اور اس حوالے سے جلد بڑی کامیابی کا یقین ہے ۔ انھوں نے گروپ میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سب ممبران مل کر اس باڈی کو مضبوط کریں اور انا کو پس پشت رکھتے ہوئے اپنی توانائیاں ممبران کو پریس کلب میں بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی پر مرکوز کریں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں