اسلام آباد،شہری علاقوں میں 100 گرام روٹی کی قیمت 18 روپے مقرر، تحریری فیصلہ جاری

ہفتہ 18 مئی 2024 17:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان نان اور روٹی کی قیمت طے کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس کے مطابق عدالتی احکامات پر ضلع انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان اجلاس ہوا، دونوں فریقین کے درمیان نان اور روٹی کی قیمت پر اتفاق کے بعد نیا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ شہری علاقوں میں 100 گرام روٹی کے قیمت 18 روپے مقرر کر دی گئی ہے اور شہری علاقوں میں 120 گرام نان کی قیمت 22 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں 100 گرام روٹی کی قیمت 16 روپے اور دیہی علاقوں میں 120 گرام نان کی قیمت 20 روپے رکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ہائی کورٹ کے تحریری فیصلے کے مطابق ان متفقہ قیمتوں سے متعلق جاری نوٹی فکیشن عدالت میں جمع کروا دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن ان قیمتوں سے مطمئن ہیں، نان بائی ایسوسی ایشن کے گرفتار اراکین کو فوری طور پر رہا کر دیا جائے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق وہ اس درخواست کو واپس لینا چاہتے ہیں، نان بائی ایسوسی ایشن کی درخواست فائدہ مند ثابت ہونے پر نمٹائی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں