یونیورسٹی آف فیصل آباد کی ایلفا ٹیم کی ترکی میں زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے خدمات پرانتہائی مشکور ہیں، ترک قونصل جنرل

بدھ 24 جنوری 2024 21:32

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2024ء) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کی ایلفا ٹیم نے گزشتہ برس ترکی میں زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے جو خدمات سرانجام دیں اس کیلئے ہم انتہائی مشکور ہیں۔یہ بات ترکی کے قونصل جنرل درمش باستگ نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے دورہ کے دوران کہی۔ ترک قونصل جنرل نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ترکی کی نامور یونیورسٹیوں کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ترک قونصل جنرل درمش باستگ اور کمرشل اتاشی نیورٹین ڈیمیرنے یونیورسٹی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین، رجسٹرارزاہدہ مقبول و دیگر فیکلٹی ممبران کے ساتھ میٹنگ کی۔اس دورا ن زاہدہ مقبول نے مہمان ٹیم کویونیورسٹی، یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، مدینہ ٹیچنگ ہسپتال اور مدینہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتما م دیگر فلاحی منصوبوں کے بارے میں تفصیلاً پریزنٹیشن دی۔

(جاری ہے)

درمش باستگ نے مدینہ فاؤنڈیشن کی ہیلتھ اور ایجو کیشن سیکٹرز میں گرانقدر خدمات کو بے حد سراہا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران و طلبہ و طالبات پر مشتمل ایلفا ٹیم جس کی قیادت چیئرمین بورڈ آف گورنرزمحمد حیدر امین خود کر رہے تھے نے گزشتہ برس ترکی میں زلزلہ متاثرین ترک بھائیوں کی مدد کیلئے جو خدمات سرانجام دیں اس کیلئے تمام ترک آپ کے انتہائی مشکور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی ملک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ یونیورسٹی آف فیصل آباد خواتین کی تعلیم کے فروغ اور بالخصوص وویمن امپاورمنٹ پروگرام کے ذریعے انہیں بااختیار بنانے کیلئے جو خدمات سر انجام دے رہی ہے وہ حقیقی معنوں میں قابل قدر ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کے اعلیٰ معیار تعلیم اور عالمی سطح پر اسکی بہترین درجہ بندی پر یونیورسٹی مینجمنٹ اور فیکلٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔

اس تناظر میں انہوں نے ترکی کی بہترین یونیورسٹیوں کے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے دونوں برادار اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ بعدازاں ترک مہمانوں نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں، لیبارٹریز اور لائبریری کا وزٹ کیا اور یہاں کے بہترین انفرا سٹرکچر کو عالمی معیار کی یونیورسٹیوں سے بھی بہتر قرار دیا۔ بعد ازاں یونیورسٹی کی گو گرین شجر کاری مہم کا حصہ بنتے ہوئے ترک مہمانوں نے یونیورسٹی لان میں پودا بھی لگایا۔

متعلقہ عنوان :

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں