دفتر کے اوقات کار کی پابندی کرنا ہر ملازم کی اولین ذمہ داری ہے ،چیئرمین بلدیہ شرقی

بدھ 19 دسمبر 2018 17:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ دفتری اوقات کار چاہے وہ شفٹوں میں ہی کیوں نہ ہوں پورا کرنا ہر افسر و ملازم کی اولین ذمہ داری ہے جلد دفتر سے روانہ ہوجانے کا عمل ناقابل برداشت ہے جس کیلئے ای اینڈ ای رولز اور سروس رولز کے تحت کاروائی کرنے کے مجاز ہیں، ہر محکمہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے جو عملہ دستیاب ہے اس عملے سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن خورشید علی و دیگر افسران کے ہمراہ اچانک مختلف محکمہ جات کے دفاتر کے دورے کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی میں نکھار لانے کیلئے ضروری ہے کہ افسران وعملہ وقت پر دستیاب ہونے کے ساتھ اپنی اپنی ذمہ داریوں سے مکمل واقف ہو اس موقع پر محکمہ آئی ٹی کے افسر ظفر اقبال نے چئیرمین بلدیہ شرقی کو کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ اہم امور کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے جسے کسی بھی وقت کمپیوٹر اسکرین پر دیکھا جا سکتا ہے چئیرمین معید انور نے انہیں ہدایت کی کہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے جو کام سر انجام دئیے ہیں اس کی رپورٹ پیش کی جائے انہوں نے بلدیہ شرقی کے دفتر میں موجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دفاتر کا بھی دورہ کیا اور موجود افسران و عملے سے شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے دریافت کیا اور کہا کہ پانی وسیوریج کے مسائل دور کرنے کیلئے افسران وعملہ اپنا بھرپور کردار ادا کرے اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ای طارق مغل سمیت اہم محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں