سائٹ انڈسٹریل ایریا سمیت شہر بھر کی تمام صنعتوں کو پانی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، انجینئر سید صلاح الدین احمد

پیر 27 مئی 2024 04:30

م*کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2024ء) سائٹ انڈسٹریل ایریا سمیت شہر بھر کی تمام صنعتوں کو ان کی ضرورت کے مطابق پانی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ سائٹ سائٹ انڈسٹریل ایریا سمیت دیگر تمام صنعتوں کا شہر کی ترقی و بہتری میں اہم کردار ہے اور صنعتیں شہر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ان خیالات کا اظہار سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے سب سوائل آپریٹرز کے ساتھ ایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز میں ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر محمد ایوب شیخ، اویس ملک، نجیب احمد، سید سردار شاہ اور محمد عامر موجود تھے، ملاقات کے دوران سی ای او واٹر کارپوریشن کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت سب سوائل واٹر کا نیا قانون نافذ کیا گیا ہے جس کا مقصد صنعتوں کو بلا تعطل پانی فراہم کرنا اور واٹر کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے، انکا کہنا تھا کہ کسی بھی با اثر کو شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، انہوں نے سب سوائل آپریٹرز سے مخاطب ہوئے ہوئے کہا کہ پانی چوری میں ملوث کسی بھی افراد کو لائسنس نہیں دیا جائے گا جبکہ سب سوائل آپریٹرز کے جائز تمام مسائل حل کیے جائیں گے، واٹر کارپوریشن کے خلاف کوئی غلط کام نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو غلط کام کی اجازت دی جائے گی اور تمام بورنگ پر میٹرز نصب کیے جائیں گے، انکا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کی نئی انتظامیہ شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ پانی کی عدم فراہمی اور پانی کی بندش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، انکا مزید کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کے تمام صارفین اور معزز شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرتا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس موقع پر سب سوائل آپریٹرز نے کہا کہ ہم سی ای او واٹر کارپوریشن کے شکر گزار ہیں جہنوں نے ہمارے مسائل سننے کیلئے ہمیں موقع دیا اور آج یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کی بہتری چاہتے ہیں، انکا مزید کہنا تھا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن کے آنے کے بعد شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام سمیت سب سوائل واٹر میں بھی کافی بہتری آئی ہے اور ہم امید کرتے ہیں واٹر کارپوریشن کی نئی انتظامیہ آنے والے دنوں میں مزید بہتری لائے گی، اس موقع پر سب سوائل آپریٹرز نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں صنعتوں کو پانی کی فراہمی بحال کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے احتجاج ختم کرنے کا اعلان بھی کیا، واضح رہے کہ سب سوائل آپریٹرز نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں صنعتوں کو پانی فراہمی بند کردی تھی جس کا سی ای او واٹر کارپوریشن نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واٹر کارپوریشن کے کرش پلانٹ، سخی حسن، نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی تھی اور تمام صنعتوں کو ان کی ضرورت کے مطابق پانی فراہم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں