ملک بھر کی طرح ضلع خانیوال میں بھی جشن آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

منگل 14 اگست 2018 22:35

خانیوال۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ملک بھر کی طرح ضلع خانیوال میں بھی جشن یوم آزادی قومی جوش و جذبے اورشایان شان طریقہ سے منایا گیا صبح کا آغاز مساجد میں پاکستان کے لیے کی گئی خصوصی دعائوں سے ہوا ضلعی ہیڈ کوارٹر پر مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ جناح لائبریری ہال میں منعقعد ہوئی ۔ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری ، ڈی پی او فیصل مختار ، اے ڈی سی جی محمد اختر منڈھیرا ، اے ڈی سی آر منظور خان چانڈیہ ، اسسٹنٹ کمشنرز عبدالجبار، میاں اکبر ظہورسمیت ضلع خانیوال سے تعلیمی بورڈ ملتان میں پہلی پوزیشن ، دوسری ، تیسری، چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات ماہم فاطمہ، عسریٰ، ذکیہ مختیار اور محمد کاشف کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ پولیس اور ریسکیو کے چاق و چوبند دستوں کی سلامی کے بعد ڈسٹرکٹ جناح لائبریری ہال خانیوال میں جشن آزادی کے حوالہ سے پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سی ای او ایجوکیشن مہر آفتاب احمد ، پرنسپلز کے پی ایس کرنل ریٹائرڈ اعظم خان ، رائو محمد صدیق ، سرکاری افسران ، علماء کرام ، وکلاء، تاجر حضرات ، اساتذہ ، ڈاکٹرز ، سماجی و سیاسی کارکنان طلباء و طالبات اور علاقہ کے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا جشن آزادی پورے جوش و جذبہ سے مناتی ہیں مصائب مشکلات اور بیش بہاقربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے پاکستان کے وجود کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ملکی بقاء ، سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گاتاکہ ہم ترقی یافتہ قوموں کا بہتر طریقہ سے مقابلہ کر سکیں۔

ڈی پی او فیصل مختار نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہو گاجس کے لیے عملی کردار ادا کرکے ہی ہم اپنے اسلاف کی قربانیوں کا حق اد ا کر سکتے ہیں۔ آزادی کی قدردان قوموں سے پوچھیں جو غلامی کی زندگی گزار رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پولیس ملک و قوم کی حفاظت اپنے جسم میں موجود خون کے آخری قطرے تک کریں گی۔

مقررین اور طلباء و طالبات نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں تنگ نظری اور منافرت کو مسترد کرکے پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور پاکستانی دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے آنے والے نسلوں میں اعتماد پیدا کرکے انکی صحیح خطوط پر تعلیم و تربیت کرنا ہو گی۔ تقریب سے طلباء و طالبات محمد وقاص ، حسان علی ، ماہین احمد، سامعیہ طارق ، علی اصغر، مبشر لطیف، محمد فواد شکیل ، لائبہ قدیر محمد اویس اکرم ، ناد علی، فائق سلمان نے آزادی کے حوالہ سے مختلف موضوع پر تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری ، ڈی پی او فیصل مختار نے تعلیمی بورڈ ملتان میں پہلی، دوسری ، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں شیلڈیں تقسیم کیں اسی طرح ضلع بھر کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر بھی جشن آزدی کی تقریبات اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں منعقد ہوئیں ضلع بھر میں سماجی و سیاسی اور مذہبی شخصیتوں کی طرف سے جشن آزادی ریلیاں نکالی گئیں سرکاری و نجی عمارتوں و گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں و رکشوں اور تمام ٹرانسپورٹ کو سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا جبکہ شہریوں نے پرچمی بیج لگا کر وطن پاکستان سے بھرپور محبت کا مظاہرہ کیا محکمہ سپورٹس کی جانب سے مختلف کھیلوں کے جشن آزدی مقابلہ جات منعقد کیے گئے اور رات کو سرکاری و نجی عمارات پر چراغاں کیا گیا۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں