خانیوال ۔ضلع خانیوال کا امن برقرار رکھنے کیلئے تمام علماء کرام کردار ادا کریں،ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری

منگل 20 اگست 2019 18:06

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ خانیوال ایک پر امن ضلع ہے اور یہاں پر امن و امان کی فضا ء برقرار رکھنے میں تمام مکاتب فکر کے علما ء کرام ‘ اقلیتی برادری کا نمایاں کردار رہا ہے ممبران ضلعی امن کمیٹی کے تعاون سے ضلع میں آئندہ بھی عاشورہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا ء برقرار رکھی جائے گی ۔

انہوں نے یہ بات سرکٹ ہائو س خانیوال میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں تبدیل ہونے والے ڈی پی او اسد سرفراز خان‘ اے ڈی سی آر عارف ضیاء ‘ اے ڈی سی جی محمد اختر منڈھیرا‘ اسسٹنٹ کمشنر ز زین العابدین ‘ غلام مصطفی‘ رمیض ظفر ‘ ذیشان ندیم ‘ایم پی اے سید خاور علی شاہ کے نمائندہ سید علی اکبر شاہ ‘ممبران ضلعی امن کمیٹی ‘ صدر و جنرل سیکریٹری بار اظہر عباس جکھڑ اور چوہدری محمد ہارون بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ممبران امن کمیٹی سمیت اقلیتی برادری کی نمائندہ شخصیات نے محرم الحرام کے دوران اپنے بھرپور مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ تبدیل ہونے والے ڈی پی او اسد سرفراز خان نے اس موقع پر کہا کہ خانیوال میں تعیناتی کا عرصہ میرے کیرئیر کا انتہائی سنہری دور رہا تعیناتی کے دوران ضلع میں امن کے قیام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کیں ممبران امن کمیٹی اور شہریوں نے بھر پور تعاون کیا اس موقع پر ممبران ضلعی امن کمیٹی کی نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ یکم محرم الحرام سے قبل جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کی مرمت ‘تجاوزات کا خاتمہ سمیت لائٹنگ و دیگر انتظامات کے کام کو مکمل کر لیا جائے گا اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹیز کے حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اجلاس کے آخر میں ملک کی سلامتی و ترقی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی ۔

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں