پنجاب یونیورسٹی شعبہ امورطلبہ کے زیر اہتمام انٹرڈیپارٹمنٹل ہم نصابی مقابلہ جات 2024 کا انعقاد

جمعہ 17 مئی 2024 17:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ ہم نصابی سرگرمیاں تعلیم کا لازمی حصہ ہیں جس سے طلبا کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبہ کے زیر اہتمام انٹرڈیپارٹمنٹل ہم نصابی مقابلہ جات 2024 کیلئے منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے الرازی ہال میں خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پررجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام،ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ ڈاکٹر محمد علی کلاسرا،فیکلٹی ممبران اور طلبا طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ مخصوص نشستوں جیسے قرات، نعت، تقریر، مضمون نویسی اور سپورٹس کی بنیاد پر میرٹ پر داخلوں کی بدولت پنجاب یونیورسٹی کے طلبا ملکی و بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہر شخص میں کوئی نہ کوئی خوبی رکھی ہے جو اسے دوسروں سے منفرد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبا ہم نصابی مقابلوں کی بہترین تربیت گاہ ہے جس سے مستقبل کے لیڈر پید اہوں گے۔ انہوں نے مقابلوں میں شاندار کاکردگی دکھانے والے طلبا طالبات کو مبارکباد پیش کی اور ڈائریکٹرشعبہ امور طلبہ ڈاکٹر محمد علی کلاسرا اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

ڈاکٹر محمد علی کلاسرا نے کہا کہ طلبا کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے انٹرڈیپارٹمنٹل مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ شعبہ امور طلبہ کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی اور تعاون پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کے شکر گزا رہیں۔ بعد ازاں ڈاکٹر خالد محمود نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے طلباطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں