کارپٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات میں عبد الطیف ملک چیئرمین منتخب ،ندیم ساجد سینئر ،قمر ضیاء وائس چیئرمین ہونگے

سدرن اور نادرن میں ایسوسی ایٹ ، کارپورٹ کلاس کیلئے بھی ممبران کا چنائو کر لیا گیا ،تمام عہدوں پر امیدواربلا مقابلہ منتخب ہوئے انڈسٹری ، ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر حکومتی دروازہ کھٹکھٹائیں گے ،عالمی نمائش سنگ میل ثابت ہو گی‘ عبد الطیف ملک

اتوار 24 ستمبر 2017 12:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2017ء)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات برائے سال 2017-18ء میں عبد الطیف ملک چیئرمین منتخب ہو گئے جبکہ ندیم ساجد کوسینئر وائس چیئرمین (سدرن) اور قمر ضیاء وائس چیئرمین (نادرن )منتخب کر لیا گیا ۔ پی سی ایم ای اے کے انتخابات میں نو منتخب ایگزیکٹو باڈی ( سدرن ) کی ایسوسی ایٹ کلا س میں انیس الرحمن ،راشد علی ،عارف لطیف جبکہ کارپورٹ کلاس میں عامر ممتاز خان اور مسز ممتاز بیگم شامل ہیں جبکہ ایگزیکٹو باڈی ( نادرن ) میں قمر ضیاء ،خواجہ ریاض الرحمن حسن اور خواجہ میر مدثر میر ممبر ایسوسی ایٹ کلاس جبکہ عبد الطیف ملک ،افتخار طاہر اور علی احمد کارپوریٹ کلاس کے ممبر منتخب کر لئے گئے ۔

انتخابات میں تمام امیدواربلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

نو منتخب چیئرمین عبد الطیف ملک نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیرینہ مسائل کے حل کے بغیر کارپٹ انڈسٹری کی ترقی اور اس کا فروغ ممکن نہیں اس لئے سب سے پہلے انڈسٹری اور ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اس کیلئے ہر حکومتی دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ حالات کی بہتری کے لئے باہمی مشاورت سے تمام فیصلے کئے جائیں گے اور اس پلیٹ فارم سے جو بھی تجاویز سامنے آئیں گی انہیں حکومت تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت دیگر حکومتی اداروں کے تعاون پر مشکور ہیں،آئندہ ماہ لاہور میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور مذکورہ نمائش نہ صرف مقامی کارپٹ انڈسٹری بلکہ معیشت کیلئے بھی سنگ میل ثابت ہو گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں