چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ہائی کورٹ میں ایڈمن بلاک کی دس منزلہ نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ہفتہ 8 دسمبر 2018 16:49

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ہائی کورٹ میں ایڈمن بلاک کی دس منزلہ نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2018ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد انوارالحق کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی موجودہ عمارت کا بنیادی ڈھانچہ صرف 4 ججز کیلئے بنایا گیا تھا لیکن اب لاہور ہائی کورٹ کے ججز کی تعداد 60 ہے۔ ہائی کورٹ کی عمارت میں کسی بھی تبدیلی کیلئے ایک کمیٹی کی منظوری لازمی ہوتی ہے جس میں بڑے بڑے آرکیٹیکٹس، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ آرکیالوجی کے افسران شامل ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار فاضل چیف جسٹس نے ہائی کورٹ میں ایڈمن بلاک کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے نامزد چیف جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان، جسٹس مامون رشید شیخ سمیت دیگر فاضل ججز، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری، سیشن جج لاہور، سٹاف آفیسر ٹو چیف جسٹس، لاہور ہائی کورٹ کے افسران، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور محکمہ بلڈنگ کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس انوارالحق کا کہنا تھا کہ ہر جگہ لاہور ہائی کورٹ میں زیرالتواء مقدمات کی تعداد کا تذکرہ تو ہوتا ہے لیکن لاہور ہائی کورٹ کے موجودہ انفراسٹرکچر کی بات کوئی نہیں کرتا، جس کمرے میں ایک آفیسر کے بیٹھنے کی جگہ ہے وہاں ہمارے 4 چار افسران بیٹھ کر کام کررہے ہیں۔ دس منزلہ عمارت کی منظوری سابق چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی کوششوں سے ممکن ہوئی اور بلاشبہ اس عمارت کی تعمیر سے وکلاء ، سائلین اور لاہور ہائی کورٹ کے افسران و سٹاف کو ایک بہترین میسر آئے گا۔

فاضل چیف جسٹس نے مزید کہا کہ پرانے ایڈمن بلاک کی جگہ پر ہم مزید 40 نئی عدالتیں بنائیں جن کا ڈیزائن انٹرنیشنل طرز کا ہوگا۔ جہاں چھوٹی، بڑی اور درمیانے سائز کی عدالتیں اور ججز کیلئے علیحدہ چیمبرز بنائے جائیں گے۔ فاضل چیف جسٹس نے تمام متعلقہ محکموں اور ورثہ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی منظوری کے بعد ہم ہائی کورٹ میں نئے دور کا آغاذ کرنے جارہے ہیں۔

نئی عمارت کے اضافے سے وکلاء، سائلین سٹاف یکساں مستفید ہونگے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نامزد چیف جسٹس سرداد محمد شمیم احمد خان کا کہنا تھا کہ ایڈمن بلاک کی تعمیر ایک احسن اقدام ہے جسے جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔بعدازاں چیف جسٹس محمد انوارالحق، نامزد چیف جسٹس سردار شمیم احمد خان اور جسٹس مامون رشید شیخ نے نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں