پرویز ملک اور لاہور چیمبرآف کامرس کے صدر ملک عرفان اقبال شیخ نے غلام جیلانی پارک میں لبارڈ میلہ 2020ء کا افتتاح کردیا

ہفتہ 22 فروری 2020 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) ) لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) کے صدر پرویز ملک اور لاہور چیمبرآف کامرس کے صدر ملک عرفان اقبال شیخ نے غلام جیلانی پارک میں لبارڈ میلہ 2020ء کا افتتاح کردیا، جس میں لبارڈ کے جنرل سیکریٹری سعید خان،گورننگ باڈی ممبران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت پانچ ہزار سے زائد خصوصی بچوں نے شرکت کی۔

لبارڈ کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا کہ روشن مستقبل ان ہی قوموں کا نصیب بنتا ہے اور جو معاشرے کے تمام حصوں بالخصوص خصوصی افراد کا خیال رکھتے ہیں تاکہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کا کردار قابل ستائش ہے جو اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور خصوصی افراد کی بحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے پرویز ملک نے کہا کہ لبارڈ کی خدمات کو آگے بڑھانے میں لاہور چیمبر گرانقدر کردار ادا کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری و نجی اداروں میں ملازمتوں میں خصوصی افراد کے لیے مختص کوٹہ کے قانون پر سختی سے عمل درآمد ہونا چاہیے ۔ انہوں کہ لبارڈ کا جذبہ خدمت سب کے لیے مشعلِ راہ اور یہ خود اس قسم کے دیگر تمام اداروں کے لیے مثال ہے جس کی انہیں تقلید کرنی چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں