چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس،گارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا

گارمنٹس اور ٹیکسٹائل کا صنعتی شہر 2000ایکڑ رقبے پر بنے گا،منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا وزیر اعلی کی قیادت میں حکومت کا یہ ایک لینڈ مارک منصوبہ ہوگا جس سے برآمدات بڑھیں گی‘وزیر صنعت و تجارت

جمعرات 16 مئی 2024 20:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر انڈسٹریل سٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس کی صدارت کی۔محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں صنعتی شہر کے لئے زمین کے انتخاب کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کریت ہوئے کہا کہ گارمنٹس اور ٹیکسٹائل کا صنعتی شہر 2000ایکڑ رقبے پر بنے گا۔صنعتی شہر بننے سے ٹیکسٹائل سیکٹر فروغ پائے گا۔ا س لئے گارمنٹ سٹی کے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے نئی پالیسی لارہے ہیں جس کے تحت زرعی زمین پر کوئی انڈسٹریل اسٹیٹ نہیں بنے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ نئے صنعتی شہر کے قیام کے لئے تجاویز کو آیندہ 3روز تک حتمی شکل دی جائے اور گارمنٹ سٹی میں سولر انرجی کے حوالے سے ورکنگ کی جائے۔تیار کردہ سفارشات منظوری کیلئے وزیر اعلی کو پیش کی جائیں گی۔اجلاس میں مختلف ممالک میں موجود گارمنٹس سٹیز کا بھی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر،متعلقہ محکموں کے افسران اور کمیٹی ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر صنعت و چوہدری شافع حسین سے اپٹما پنجاب نارتھ کے صدر کامران ارشد کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ جس میں 2 ہزار ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ چیئرمین اپٹما نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ گارمنٹ سٹی کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اپٹما ہرممکن تعاون کرے گی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ 2 ہزار ایکڑ رقبے پر بننے والے گارمنٹ سٹی میں اربوں روپے کی غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاری ہوگی۔

وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں حکومت کا یہ ایک لینڈ مارک منصوبہ ہوگا جس سے برآمدات بڑھیں گی۔صنعتی شہر میں نئے کارخانے لگنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔قومی معیشت کے لئے بے حد اہمیت کے حامل اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے پیداواری لاگت کم ہوگی۔مقامی سطح پر سولر مینوفیکچرنگ کے حوالے سے غیر ملکی سولر کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔

نئے صنعتی شہر میں بھی سولر انرجی کو فروغ دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت کواپٹما کے وفد نے گارمنٹ سٹی کے حوالے سے بریفنگ اورتجاویز دیں۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر،چیئرمین پیڈمک،سی ای او پیڈمک،سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں