سالانہ امتحانات میں نرسنگ کالج جنر ل ہسپتال کی 2طالبات کی صوبے بھر میں اول و سیکنڈ پوزیشن

ثناء عارف نی698 نمبر لے کر پہلی ا ور رضوانہ بی بی نی687نمبروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں طالبات نے محنت کر کے اپنا اور والدین کا سر فخر سے بلند کیا ، ادارے کی شہرت کو چار چاند لگا دیے‘پروفیسر محمد طیب تعلیم کے حصول کے ساتھ مریضوں کی خدمت کر کے جو دلی سکون ملتا ہے وہ کسی اور جگہ میسر نہیں ‘پوزیشن ہولڈرز کی گفتگو

جمعرات 17 جنوری 2019 17:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) پنجاب نرسنگ بورڈ کے سالانہ امتحانات میں نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال فرسٹ ائیر کی 2طالبات نے صوبے بھر میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرکے ادارے کی شہرت کو چار چاند لگا دیے ہیں ۔ نرسنگ طالبات ثناء عارف 698نمبر لے کر فرسٹ اور رضوانہ بی بی687نمبروں کے ساتھ سیکنڈ پوزیشن پر رہیں۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد طیب نے ان سالانہ امتحانات میں صوبے بھر میں پہلی 2پوزیشنیں حاصل کرنے پر نرسنگ کالج ایل جی ایچ کی پرنسپل رضیہ بانو ،فیکلٹی ممبران اور ان ہونہار طالبات کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان بچیوں نے اپنے کالج کا نام پنجاب بھر میں سر بلند کیا ہے جو دیگر اداروں کیلئے بھی باعث تقلید اور روشن مثال ہے ،اسی طرح ان طالبات نے محنت کر کے اپنا اور اپنے والدین کیلئے بھی باعث فخر اقدام کیا ہے،پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے امید ظاہر کی کہ یہ نرسنگ کالج اپنی موجودہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات کیلئے مستقبل میں بھی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں اسی طرح کامیابیاں سمیٹتا رہے گا۔

(جاری ہے)

پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کی45نرسنگ سکولوں میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات کو نقد انعام اور خصوصی تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا،پرنسپل پی جی ایم آئی نے نرسنگ کالج کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ ان دونوں طالبات کی تصاویر ایک ماہ کیلئے کالج ہذا میں آویزاں کرے تاکہ دیگر طالبات میں بھی تعلیمی میدان میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کا جذبہ پیدا ہو۔

اس کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈر طالبات ثناء عارف اور رضوانہ بی بی نے اپنی اس کامیابی کو اپنے اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کا ثمر قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ خاص طور پر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے مختص ہے اور تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ مریضوں کی خدمت کر کے جو دلی سکون میسر آتا ہے وہ کسی اور جگہ میسر نہیں ،ان طالبات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جس مشن کیلئے انہوں نے نرسنگ کے شعبے کو اختیار کیا ہے اسے عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گی اور کالج اور اساتذہ کا نام مزید روشن کرنے کیلئے وہ مستقبل میں بھی اسی لگن اور محنت کے سلسلے کو جاری رکھیں گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں