ایک ضلع کا ڈپٹی کمشنر اگر کچھ کرنا چاہے تو انقلاب آ جائے‘لاہور ہائیکورٹ

جوڈیشل کمیشن کو پانی کے بچائو کے لیے ہائوسنگ سوسائٹیز میں کارروائی ،پانی ضائع کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت گھر صرف وہ نہیں جہاں ہم رہتے ہیں، یہ سارا ملک ہمارا گھر ہے، عدالت کی اسکول کے بچوں کیساتھ صفائی آگاہی مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت

جمعہ 26 اپریل 2024 14:50

ایک ضلع کا ڈپٹی کمشنر اگر کچھ کرنا چاہے تو انقلاب آ جائے‘لاہور ہائیکورٹ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ مجھے تو سمجھ نہیں آتی کہ یہ ڈپٹی کمشنر کرتے کیا ہیں، ایک ضلع کا ڈپٹی کمشنر اگر کچھ کرنا چاہے تو انقلاب آ جائے۔لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔

وکیل ایل ڈے اے نے عدالت سے استدعا کی کہ تمام ڈی سیز کو ہدایت جاری کی جائے کہ پلاسٹک بیگ تلف کرنے کا طریقہ کار بنایا جائے۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پہلے شاپنگ بیگ گھر سے لے کر جاتے تھے، اب بھی لے کر جائیں، ایک ضلع کا ڈپٹی کمشنر اگر کچھ کرنا چاہے تو انقلاب آ جائے، مجھے تو سمجھ نہیں آتی کہ یہ ڈپٹی کمشنر کرتے کیا ہیں، ڈپٹی کمشنر بہت طاقتور ہے صرف باہر نکل کر دیکھ لے کہ ہو کیا رہا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے جوڈیشل کمیشن کو پانی کے بچائو کے لیے ہائوسنگ سوسائٹیز میں کارروائی اور پانی ضائع کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت جاری کی۔دورانِ سماعت عدالت نے اسکول کے بچوں کے ساتھ صفائی آگاہی مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت کی۔جسٹس شاہد کریم نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ گھر صرف وہ نہیں جہاں ہم رہتے ہیں، یہ سارا ملک ہمارا گھر ہے، یکم مئی یومِ مزدور پر بچے والدین کے ساتھ صفائی مہم شروع کریں، کس قدر زیادتی ہے مزدور یکم مئی کو مزدوری کرتا ہے اور ہم چھٹی مناتے ہیں۔

وکیل ایل ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ جوہر ٹائون کے علاقے میں غیر قانونی سرگرمیاں بھی ہو رہی ہیں، لوگوں نے گھروں کو بینک اور کیفوں کو کرایے پر دے رکھا ہے، ایل ڈی اے آپریشن کرنا چاہتا ہے اور غیر قانونی سرگرمیاں ہٹانا چاہتا ہے، کیفے مالکان حکم امتناعی لے آتے ہیں جس پر محکمہ کارروائی نہیں کرسکتا۔اس پر عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ متعلقہ عدالت میں جا کر حکم امتناعی ختم کروائیں۔بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں