وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری نرخ پر روٹی پر فروخت نہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون جاری

جمعہ 26 اپریل 2024 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری نرخ پر روٹی پر فروخت نہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے،گزشتہ روز گرانفروشی پر115افراد کو گرفتار، 25مقدمات درج ، سات تندورسر بمہر اور 16لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔گرانفروشوں کیخلاف پرائس مجسٹریٹس کی کاروائیوں سے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی گئی۔

روٹی کی قیمت میں کمی پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس میں صنعت اور خوراک کے محکموں کے ایڈ منسٹریٹو ،سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا کہ روٹی زائد نرخوں پر فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون تیز کیا جائے اور نرخنامہ کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں کمی کا مقصد عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے،آٹے کی قیمت میں کمی کے بعد روٹی مہنگی فروخت کرنے کا کوئی جواز نہیں،گرانفروشوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ اور اربن یونٹ روٹی کی نئی قیمت کے اطلاق بارے روزانہ رپورٹ بھجوائیں۔چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو گرانفروشی سے متعلق قیمت پنجاب ایپ پرشکایات کا بر وقت ازالہ یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

اس حوالے سے سیکرٹری صنعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پرائس مجسٹریٹس نے چھ ہزار مقامات کی انسپکشنز کیں اورچیکنگ کے دوران 638 مقامات پر اوورچارجنگ پائی گئی۔انہوں نے کہا کہ قیمت پنجاب ایپ پر موصول165شکایات میں سے 153کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں