سموگ کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ کا نمبرداروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

پیر 13 مئی 2024 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) سموگ کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ نے نمبرداروںکی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ نے فصلیں جلانے کی روک تھام کیلئے نمبرداروں کو اکٹھاکر کے کنونشن منعقد کئے ہیں، رائیونڈ، سٹی، شالیمار، کینٹ اور ماڈل ٹائون میں نمبردار کنونشن ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ نمبردار کنونشن میں محکمہ زراعت، ماحولیات، ریونیو سٹاف نے نمبرداروں کو ذمہ داری سونپتے ہوئے فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کا موثر نظام ترتیب دیا ہے ۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہاکہ فصلوں کی باقیات جلانا سموگ اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتاہے، پہلے مرحلے میں تمام کسانوں کو گھر گھر آگاہی دی جائے گی اور ماحولیاتی تحفظ کا پیغام ہر کسان تک پہنچایا جائے گا،نمبردار مساجد اور پنچائیت کے ذریعے بھی کسانوں کو آگاہی دیں گے۔

(جاری ہے)

رافعہ حیدر نے کہاکہ آگاہی کے باوجود فصل کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا،کوڑا کرکٹ، ہسپتالوں کا فضلہ جلانے پر بھی ایکشن ہو گا۔ڈی سی لاہور نے کہاکہ سموگ اور آلودگی پر قابو پانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق سموگ کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آلودگی کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں