لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی و دیگر کیخلاف 9مئی کے مقدمات ٹرانسفر کرنے کی سماعت ملتوی کردی

بدھ 15 مئی 2024 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی،شاہ محمود قریشی،شیخ رشید سمیت اہم شخصیات کیخلاف 9 مئی کے مقدمات سے متعلق کیسز ٹرانسفر کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی،عدالت نے ججز کی تعیناتی بارے حکومت پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ صوبے کی پانچ انسداد دہشتگردی عدالتیں ججز سے خالی ہیں،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے محکمہ پراسیکیوشن کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی ابھی تک پنجاب حکومت کی جانب سے پیش رفت سامنے نہیں آئی ،سرکاری وکیل نے جمعرات تک رپورٹ پیش کرنے کیلئے مہلت کی استدعا کی،درخواست میں موقف تھا کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی واقعات کے کیسز زیر التوا ہیں،بانی چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی،شیخ رشید سمیت دیگر رہنما کیسز میں نامزد ہیں، استدعا ہے کہ کیسز کسی دوسری عدالت میں ٹرانسفر کئے جائیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں