پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے یونین کونسلوں کو لوڈر رکشے فراہم کرنے کا فیصلہ

جمعرات 16 مئی 2024 14:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے یونین کونسلوں کو لوڈر رکشے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران کیا گیا۔اجلاس میں روٹی کی قیمت میں کمی پر عملدرآمد،ستھرا پنجاب پروگرام اور گورننس کی بہتری کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری صنعت، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری بلدیات،تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،پروگرام کا مقصد شہروں کی طرز پر دیہی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

چیف سیکرٹری نے ڈی جی خان میں دیگر ڈویژنز کے مقابلے میں روٹی کی کم قیمت پر فراہمی یقینی بنانے پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیرکی تعریف کی اور کہا کہ ڈی جی خان،راجن پور میں روٹی 13روپے جبکہ مظفر گڑھ، کوٹ اددو اور لیہ میں 12روپے کی قیمت پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ و زیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق انتظامی افسران کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پرجائزہ لیا جائے گا اورکارکردگی کے لحاظ سے اضلاع کی درجہ بندی کی جائے گی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ آوارہ کتے انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن رہے ہیں،ڈپٹی کمشنرز آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل تیارکر یں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسیئن کی دستیابی یقینی بنا ئی جائے۔ اس موقع پر محکمہ صنعت اور بلدیات کے حکام نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ روٹی کی قیمتوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔لاہور،راولپنڈی اور مری میں نرخوں میں مزید کمی کر کے 35 اضلاع میں روٹی کی قیمت 15روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈی جی خان،راجن پور میں روٹی کی قیمت 13روپے،مظفر گڑھ، کوٹ اددو اور لیہ میں 12روپے مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت سے متعلق 7312 شکایات میں سے 5917 کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں