جنرل ہسپتال میں نوسرباز ڈاکٹر حوالات بند، آج سے بھیک مانگنے والوں کے خلاف بھی خصوصی مہم شروع ہو گی ‘ایم ایس

مریض و لواحقین مشکوک شخص نظر آنے کی صورت میں ڈیوٹی ڈی ایم ایس اور پولیس چوکی کو اطلاع دیں‘ ڈاکٹر فریاد حسین کی اپیل

جمعرات 16 مئی 2024 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) جنرل ہسپتال سکیورٹی ان ایکشن، ڈاکٹر کا روپ دھارنے والے نوسر باز کو حوالات تک پہنچا دیا جبکہ آج بروز جمعہ سے ہسپتال میں بھیک مانگنے والے گدا گروں کے خلاف بھی خصوصی مہم کا آغاز ہو گا۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے احاطہ میں مریضوں و لواحقین کی پریشانی کا سبب بننے والے گدا گروں کو قانون کے حوالے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہسپتال سیکورٹی کے مطابق جمعرات کی صبح ایک نوجوان کو روکا تو اس نے اپنا تعارف ڈاکٹر ہارون منصور کروایا۔ جب اس سے شناخت طلب کی تو وہ گھبرا گیا اور اس سے ڈاکٹر کی مہر بھی نکلی۔ سیکورٹی سپروائزر نے فوری طور پر ہسپتال انتظامیہ کو اطلاع دی ، جس پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کی ہدایت پر نوسرباز ہارون منصور کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ تھانہ کوٹ لکھپت نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایم ایس نے مریضوں و لواحقین سے اپیل کی کہ اگر کوئی مشکوک شخص نظر آئے تو فوری طور پر ڈیوٹی ڈی ایم ایس اور پولیس چوکی کو اطلاع دی جائے تاکہ ایسے عناصر کو بلا تاخیر قانون کے شکنجے میں کسا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں