ٌوزیر اعلیٰ پنجاب کی سرپرستی میں صوبے بھر میں ٹیکنیکل اداروں کا جال بچھائیں گے۔ وزیر تعلیم

نوجوانوں کو فنون میں مہارات دے کر خود مختار بنانے کی طرف سفر شروع کر دیا ہے۔ رانا سکندر حیات

جمعرات 16 مئی 2024 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے پھولنگر میں ٹیکنیکل کالج کے اعلان پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنیکل تعلیمی ادارے آج کے دور کی ضرورت ہیں۔ مریم نواز نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے فنی تعلیمی ادارے کے قیام کا اعلان کیا ہے جس پر پھولنگر کی عوام کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سرپرستی میں صوبے بھر میں ٹیکنیکل اداروں کا جال بچھایا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کی قیادت کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے اور وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ نوجوانوں کی مختلف فنون میں مہارات دے کر خود مختار بنائیں گے اور بے روزگاری سے جان چھڑائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متحرک ہیں. پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات دینے کیلئے مریم نواز نہ صرف خود جگہ جگہ جا رہی ہیں بلکہ تمام پراجیکٹس کی مانیٹرنگ بھی خود کر رہی ہیں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ عوام کو وی وی آئی پی سہولیات دینا مریم نواز کا ویڑن ہے۔ مریم نواز کی قیادت میں صوبے کی قسمت بدل رہی ہے۔ تعلیم اور صحت کی ترقی وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشن ہے۔ مشکل وقت جلد ختم ہونے والا ہے۔ عوام کے حالات بدلیں گے۔ کسانوں، مزدوروں اور تمام پسے طبقات کو ان کا حق دیں گے۔ کوئی محروم نہیں رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں