موسم کی شدت اورہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں‘پرنسپل جنرل ہسپتال

باہر نکلتے وقت گہرے رنگ کے ملبوسات اور خاص طور پر سیاہ رنگ پہننے سے بھی گریز کریں‘ ڈاکٹرمحمد مقصود

جمعہ 17 مئی 2024 17:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور بڑھتی آلودگی کے باعث ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہونے کے واقعات میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے۔ درجہ حرارت بڑھنے کے باعث جسم کا اندرونی نظام متاثر ہو جاتا ہے ۔خاص طور پر وہ افراد جو طویل عرصے سے کسی عارضے میں مبتلا ہوں وہ ہیٹ اسٹروک سے جلد متاثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا جنرل ہسپتال میں موسم کی شدت سے متاثر ہونے والے افراد کے علاج کیلئے ہیلتھ پروفیشلز الرٹ رہیں گے اور تمام طبی سہولیات بلامعاوضہ فراہم کی جائیں گی۔ اسسٹنٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر محمد مقصود نے بتایا کہ ہیٹ اسٹروک کی علامات میں جلد خشک ہوجانا یا رنگت زرد یا سرخ ہونا، الجھن، چلنا مشکل ہونا، آنکھوں کی پتلیاں پھیل جانا، قے ہونا، غیرمعمولی یا نامناسب رویہ، دل کی دھڑکن تیز ہونا، سانس چڑھنا، بے ہوشی اور seizures قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

اکثر اوقات تیز بخار کے ساتھ بیہوشی بھی طاری ہو جاتی ہے جبکہ مسلز اکڑ جانا، شدید گرمی کے باوجود پسینہ نہ آنا،بہت زیادہ تھکاوٹ اور متلی بھی اس کی ابتدائی عام علامات ہیں۔اگر یہ علامات نظر آئیں تو طبی امداد کے لیے رجوع کرنا چاہیے۔ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کا کہنا تھا کہ موسم کی شدت اور ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

گرمی میں بیجا باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔ اگر ضرورت کے تحت باہر نکلنا پڑے تو کسی گیلے کپڑے یا تولیے سے سر ڈھانپ کر باہر نکلیں۔ باہر نکلتے وقت گہرے رنگ کے ملبوسات اور خاص طور پر سیاہ رنگ پہننے سے بھی گریز کریں۔ لسی اور دہی کا استعمال بڑھا دیں اور دن بھر میں کم از کم چار لیٹر پانی ضرور پئیں۔ نمکیات کی کمی پوری کرنے کے لئے او آر ایس کا استعمال کریں تاکہ جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی با آسانی پوری ہو جائے۔نیز سورج سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال ضرور کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں