شہری ای خدمت ارفع ٹاور میں تمام ڈرائیونگ لائسنس سروسز حاصل کر سکتے ہیں، چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف

جمعہ 17 مئی 2024 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) ارفع ٹاور سے ملحقہ ای خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس سے متعلقہ تمام خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جن میں نیا لرنر لائسنسریگولر لائسنس کی تجدیدڈپلیکیٹ اور انٹرنیشنل لائسنس شامل ہیں۔ چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ فیصل یوسف نے اے پی پی کو بتایا کہ ای خدمت مرکز ارفع ٹاور میں نیا لائسنس بنوانے کیلئے ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

فیصل یوسف نے کہا کہ اب شہریوں کو نئے لائسنس یا تجدید کیلئے فائلیں لانے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ اپنے اصل شناختی کارڈ کے ساتھ آ کر لائسنس کیلئے اپلائی کر سکتے ہیں۔ انٹرنیشنل لائسنس اپلائی کرنے کے لئے ریگولر لائسنس اصل شناختی کارڈ اور اصل پاسپورٹ ساتھ لانا ضروری ہے جبکہ لائسنس فیس کی ادائیگی بذریعہ ای پے پنجاب آن لائن کی جا سکتی ہے۔ چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ پنجاب کے 13ای خدمت مراکز میں 160سے زائد سرکاری خدمات ایک چھت تلے مہیا کی جا رہی ہیں جس سے نہ صرف شہریوں کے وقت اور اخراجات کی بچت ہو رہی ہے بلکہ وہ باعزت اور پرسکون ماحول میں خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں