لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے واجبات کی وصولی کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کروا دیا،پروفیسر ڈاکٹرشگفتہ باز

اتوار 19 مئی 2024 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے واجبات کی وصولی کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا۔ترجمان کے مطابق اس سسٹم کے تحت پاکستان بھر میں سٹوڈنٹس اور ان کے والدین گھر بیٹھے چوبیس گھنٹے موبائل ایپ کے ذریعے یا اپنے قریبی بنک میں آن لائن سسٹم کے تحت یونیورسٹی فیس ادا کر سکیں گے۔ وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن نے ڈیجیٹل سسٹم شروع کرنے پر متعلقہ ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ اس نظام سے جہاں جامعہ کے اکائونٹس میں شفافیت آئے گی وہاں والدین کو چالان فارم لینے اور بنکوں کے باہر طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی زحمت سے چھٹکارا ملے گا۔

وائس چانسلر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل سسٹم نیشنل بنک آف پاکستان اور یونیورسٹی کے شعبہ آئی ٹی اور ٹریژرار آفس کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

اس کے تحت نہ صرف بنک، فیس کی وصولی کیلئے والدین اور طالبات سے کوئی چارجز نہیں لے گا بلکہ ون بل ون لنک کے چارجز بھی وصول نہیں کئے جائیں گے۔ لانچنگ تقریب میں نیشنل بنک کے نمائندوں، چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر ابوذر فہیم، ڈائریکٹر آئی ٹی تیمور سلام اور ٹریژرار یونس جتوئی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ طالبات اور والدین کی سہولت کیلئے اس سسٹم کی تفصیلات اور ضروری ہدایات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی گئی ہیں۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی میں جلد کیمپس مینجمنٹ سسٹم فعال کردیا جائے گا جس سے داخلوں، امتحانات اور فنانس کا سارا نظام کمپیوٹرائزڈ ہو جائے گا اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی جلد پیپر فری جامعہ بن جائے گی جس سے سٹیشنری کی مد میں کروڑوں روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں یونیورسٹیوں کو رول ماڈل ہونا چاہئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں