معروف کالم نگارعطا الحق قاسمی کو آثار لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

اتوار 19 مئی 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) عطا الحق قاسمی کو آثار لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس سلسلہ میں اتوار کے روز یہاں نجی ہوٹل میں معروف کالم نگار عطا الحق قاسمی کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں معروف کالم نگار سہیل وڑائچ، کالم نگار جاوید چوہدری ،جاوید اقبال کارٹونسٹ ، کالم نگار صغری صدف ، صوفیہ بیدار، وجاہت مسعود ، قاسم علی شاہ اور دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب کی صدارت احمد جاوید اور صغری صدف نے مشترکہ طور پر کی۔ شرکا نے عطا الحق قاسمی کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ عطا الحق قاسمی ایک شاعر ، مصنف اور کالم نگار کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں بلکہ دور حاضر کے سب سے بڑے ادیب مانے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

بیس سے زائد کتب کے مصنف جبکہ 1991 میں پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ ،2014 میں ستارہ امتیاز اور 2019 میں ہلال امتیاز ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔

عطا الحق قاسمی ایک لیکچرار کی حیثیت سے بھی جانے جاتے ہیں جبکہ مختلف ممالک کے سفیر کی حیثیت سے بھی زندگی گزار چکے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل وڑائچ نے کہاکہ بلا شبہ ادب کی دنیا میں عطا الحق ایک بہت بڑا نام ہے اور پاکستان کا بہت بڑا اثاثہ ہیں ۔ عطا الحق قاسمی تخیل کے بادشاہ ہیں اور ادب کا کوئی بھی شعبہ ایسا نہیں جو ان کی تحریر سے کامیاب نہ ہوا ہو۔

جاوید چوہدری نے کہا کہ عطا الحق قاسمی نے جس فیلڈ میں بھی قدم رکھا ،کامیابی سے ہم کنار ہوئے اور ان سے جو بھی ملا، ان کی شخصیت کا مداح ہوگیا ۔ معروف کالم نگار صغری صدف نے کہا کہ عطا الحق قاسمی نے ہمیشہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا بلکہ ہم نے زندگی گزارنے کا سلیقہ ان سے سیکھا اور ان کی زندگی ضرب المثال ہے۔ ڈاکٹر نجیب جمال نے کہا کہ عطا الحق قاسمی ایک عہد کا نام ہے کوئی بھی ایوارڈ ان کے لیے چھوٹا ہے کیونکہ ان کی شخصیت بہت بلند ہے۔

ان کا لکھا ہوا ہر لفظ زندہ ہے وہ چاہے مزاح ہو یا طنز۔ احمد جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ عطا الحق قاسمی کی تحریروں میں جو اثر ہے وہ قابل داد ہے کیونکہ عام آدمی پر بھی اثر کر جاتی ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا الحق قاسمی نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کا ایوارڈ بہت زیادہ فخر کا باعث ہے کہ ایک ادیب کی حیثیت سے جانا گیا۔ تمام دوستوں کی محبتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اپنے قیمتی وقت سے ٹائم نکال کر دور دراز کے علاقوں سے تشریف لائے ۔ تقریب کے اختتام پر عطا الحق قاسمی کو آثار لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں