نومئی کے مقدمات سے متعلق کیسز ٹرانسفر کرنے کی درخواست پر سماعت 24 مئی تک ملتوی

پیر 20 مئی 2024 13:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید سمیت اہم شخصیات کیخلاف 9 مئی کے مقدمات ٹرانسفر کرنے کے لیے دائر درخواست پرپنجاب حکومت کو انسداد دہشت گردی عدالتوں میں ججوں کی تعیناتی کرنے کے لئے آخری بار مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی ۔

دوران سماعت عدالت نے حکم دیا کہ وزیراعلی پنجاب اور کابینہ آئندہ سماعت تک ججز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری کریں ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے انسداد دہشتگری عدالت ون راولپنڈی سے کیسز دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت کی ۔ پیر کوسماعت پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ حکومتی کمیٹی نے ججز تعنیاتی کے معاملے پر وزیراعلی پنجاب سے مشاورت کی، وزیراعلی نے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ججز تعنیاتی کے معاملے کو ایجنڈا نمبر ون میں رکھنے کا کہا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جمعہ کے روز ہم کابینہ کا اجلاس بلا کر اس معاملے کو حل کر لیا جائے گا ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ آج حکومتی کمیٹی کے لوگ بھی نہیں آئے ۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ حکومتی کمیٹی کے لوگ آدھے گھنٹے میں آ جائیں گے ۔ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ججز کی تعنیاتی کے لیے ہائیکورٹ کی طرف سے دیئے گئے ناموں پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ججز کی تعنیاتی بارے کوئی نوٹیفکیشن آج بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے مزید سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں