لاہور پولیس قماربازی میں ملوث قانون شکن عناصر کیخلاف ان ایکشن

قماربازی کے 540مقدمات درج، 2271 ملزمان گرفتار، 71لاکھ 74ہزار روپے کی ریکوری قماری بازی کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے‘ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ

ہفتہ 25 مئی 2024 14:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2024ء) لاہور پولیس نے رواں سال قماربازی میں ملوث قانون شکن عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں میں540مقدمات درج کر کے 2271 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ترجمان لاہور پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ قمار بازی کے خلاف جاری کارروائیوں کے نتیجے میں گرفتار ملزمان کے قبضہ سی71لاکھ 74ہزار روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ قماری بازی کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہورنے جوئے کے اڈوں پر انٹیلی جنس بیسڈ ریڈ ز میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے آن لائن جوئے میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور آن لائن جوئے کی ترغیب دینے والے سوشل میڈیا اکاونٹس اور ایپلی کیشنزپر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جواء ایک سماجی لعنت ہے، والدین اپنے بچوں کو اس سے دور رکھیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے پر عزم ہے ، شہرکو سماج دشمن عناصر سے پاک کرکے حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں